ٹانک (گوہر ترین)
ٹانک میں گزشتہ کئی روز سے جاری بیس گھنٹوں پر مشتمل ظالمانہ لوڈشیڈنگ نے کاروبار اور روزمرہ زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ شہر اور اس کے گرد و نواح میں طویل بجلی بندش کے باعث دکاندار، تاجر اور بجلی سے وابستہ کاروباری حضرات شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ گھریلو صارفین کے لیے معمولاتِ زندگی نبھانا مشکل ہو چکا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ واپڈا اور پیسکو کی جانب سے ٹانک کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔ شدید لوڈشیڈنگ کے باعث کاروباری سرگرمیاں تقریباً ختم ہو چکی ہیں، مزدور طبقہ بے روزگاری کے خدشات میں مبتلا ہے اور طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
متاثرہ صارفین اور تاجر تنظیموں نے پیسکو کے اس رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر لوڈشیڈنگ میں کمی نہ کی گئی تو احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور پیسکو دفتر کے سامنے ہڑتالی کیمپ لگایا جائے گا۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹانک میں بجلی کی بلاجواز اور طویل لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے، شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائی جائے۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے