خیبر (امان علی شینواری) ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ خیبر پختونخوا ڈاکٹر شاہین آفریدی نے ڈی ایچ کیو اسپتال لنڈی کوتل کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور عملے و انتظامیہ سے درپیش مسائل پر بریفنگ لی۔ دورے کے دوران اسپتال میں طویل لوڈشیڈنگ کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کو تفصیل سے اجاگر کیا گیا۔
ڈی جی ہیلتھ کو بتایا گیا کہ بجلی کی شدید قلت کے باعث آپریشن تھیٹر، ایمرجنسی، لیبارٹری اور دیگر اہم شعبہ جات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، جس سے مریضوں کو بروقت علاج کی فراہمی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ڈاکٹر شاہین آفریدی نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی عدم فراہمی اسپتال کے نظام کو مفلوج کر دیتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال لنڈی کوتل کے لیے اس وقت 126 اہم طبی آلات کی فوری ضرورت ہے تاکہ مریضوں کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ڈی جی ہیلتھ نے یقین دہانی کرائی کہ ضروری آلات کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔
بجلی کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے ڈی جی ہیلتھ نے سولر سسٹم کی بحالی اور ٹیسکو حکام سے فوری رابطے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اسپتال کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جائے تو بیشتر مسائل خود بخود حل ہو سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے عملے کی کمی جلد پوری کرنے اور غفلت برتنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اس موقع پر ایم پی اے عدنان قادری نے ٹیسکو کی مبینہ لاپرواہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کے ایڈمن بلاک کے لیے علیحدہ بجلی میٹر کی تنصیب ناگزیر ہے تاکہ انتظامی امور متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت ان کا مشن ہے اور ڈی ایچ کیو اسپتال لنڈی کوتل کے مسائل کے حل تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے