
خیال مت شاہ آفریدی سے
وادی تیراہ میں حالیہ شدید برفباری کے باعث بند ہونے والے اہم راستے محکمہ ہائی وے ڈویژن خیبر کی بروقت کارروائی سے بحال کر دیے گئے ہیں۔ ہائی وے ڈویژن نے بھاری مشینری اور ٹریکٹرز کی مدد سے کھائیوں اور دشوار گزار مقامات سے برف ہٹا کر ٹریفک کی روانی بحال کی، جس سے مقامی آبادی اور متاثرہ خاندانوں کو ریلیف ملا۔
اطلاعات کے مطابق صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر ایکسیئن ہائی وے ڈویژن ملک ریاض خان اور ایس ڈی او انجینئر ضیاء اللہ خود فیلڈ میں موجود رہے۔ شدید سردی کے باوجود انہوں نے مسلسل نگرانی کرتے ہوئے برف ہٹانے کے عمل کو تیز کیا تاکہ متاثرینِ تیراہ کی نقل مکانی اور روزمرہ مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
اس موقع پر ایکسیئن ملک ریاض خان نے بتایا کہ دوہ توئی سے میدان تک تقریباً بیس کلومیٹر طویل سڑک پہلے ہی کلیئر کی جا چکی تھی اور ٹریفک معمول کے مطابق رواں تھی، تاہم تند کے علاقے میں سخت پہاڑی ڈھلان پر کمزور اور ہلکی گاڑیوں کے رک جانے سے وقتی طور پر راستہ بند ہوا اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ باغ میدان سے پائیندی چینہ تک مختلف علاقوں جن میں توردرہ، دوہ توئی، مہربان کلی، ننگروسہ اور سندانہ شامل ہیں، سے برف ہٹا دی گئی ہے اور تمام اہم راستے کلیئر کر دیے گئے ہیں۔
مقامی شہریوں اور متاثرہ خاندانوں نے بروقت اقدامات پر وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی، محکمہ ہائی وے ڈویژن خیبر اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ راستوں کی بحالی سے مریضوں اور متاثرینِ تیراہ کی آمدورفت میں نمایاں آسانی پیدا ہوئی ہے، جبکہ باڑہ اور تیراہ کے درمیان نقل و حمل بھی بہتر ہو گئی ہے۔
![]()