
باڑہ نمائندہ خیال مت شاہ آفریدی
تحریک متاثرین تیراہ کے ترجمان صحبت خان آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ وادی تیراہ کے متاثرین کو صوبائی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے فنڈز میں مبینہ کرپشن اور شدید غفلت کے خلاف 13 اپریل سے شروع ہونے والی پولیو مہم کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تحریک متاثرین تیراہ کی کابینہ کا باقاعدہ اجلاس طلب کیا جا رہا ہے، جس میں آئندہ ایک دو دنوں کے اندر پولیو مہم کے بائیکاٹ کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ تیراہ متاثرین کے لیے کرایہ کی مد میں جاری فنڈز میں کرپشن کی جا رہی ہے جبکہ متاثرین کے بقایاجات بھی ادا نہیں کیے جا رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کو دی جانے والی 2 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم میں سے 10 ہزار روپے کی کٹوتی کی جا رہی ہے اور ماہانہ 50 ہزار روپے کے کرایہ کی ادائیگی میں بھی تاخیر اور بقایاجات موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تیراہ میں گھروں اور بازاروں کی مسماری لوٹ مار جنگلات اور پھل دار درختوں کی بے دریغ کٹائی نے متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔صحبت خان آفریدی کے مطابق احتجاجی تحریک کے پہلے مرحلے میں وادی تیراہ کے متاثرین پولیو کے قطروں کے بائیکاٹ کا اعلان کریں گےجبکہ دوسرے مرحلے میں باڑہ کے عوام سے بھی یکجہتی کے طور پر اس بائیکاٹ میں شامل ہونے کی اپیل کی جائے گی۔
![]()