
باڑہ (خیال مت شاہ آفریدی) — تحریک متاثرین تیراہ میدان کے زیر اہتمام باڑہ تحصیل آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں تیراہ متاثرین کے ساتھ ساتھ باڑہ کے عوام، باڑہ سیاسی اتحاد کے مشران اور تحصیل کونسل باڑہ کے چیئرمینز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر تیراہ متاثرین کے مطالبات درج تھے۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ تیراہ کے عوام نے نقل مکانی اپنی مرضی سے نہیں بلکہ امن و امان کی خراب صورتحال اور مجبوری کے باعث کی ہے، اس لیے حکومت کی ذمہ داری ہے کہ متاثرین کے جان و مال، گھروں اور بازاروں کے تحفظ کو یقینی بنائے اور ان سے کیے گئے وعدوں پر فوری عمل درآمد کرے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ تیراہ متاثرین کی باعزت رجسٹریشن کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے، حکومتی امدادی پیکیجز بروقت فراہم کیے جائیں اور علاقے میں مستقل امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ تیراہ کے عوام اپنے بنیادی حقوق کے ساتھ محفوظ زندگی گزار سکیں۔
مقررین نے مزید کہا کہ تیراہ کے متاثرین گزشتہ ایک ماہ سے باڑہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیے ہوئے ہیں جو تاحال جاری ہے۔ آج اسی سلسلے میں احتجاجی دھرنے کو ریلی کی شکل دی گئی جو باڑہ پریس کلب سے شروع ہو کر تحصیل آفس باڑہ تک پہنچی، جہاں شرکاء نے اپنے مطالبات کے حق میں بھرپور احتجاج کیا۔
![]()