لنڈی کوتل کے علاقے سلطان خیل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل سفیر خان اور اُن کے کمسن بیٹے طلحہ آفریدی کی المناک شہادت پر فضا سوگوار ہو گئی۔ دونوں شہداء کی نمازِ جنازہ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جہاں اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
ابتدائی نمازِ جنازہ پولیس لائن خیبر شاکس میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر ڈی پی او خیبر وقار احمد، ایس پی باڑہ سرکل، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر، سرکل افسران، پاک آرمی کے نمائندے، پولیس اہلکار اور شہید کے اہلِ خانہ موجود تھے۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی، افسران نے جسدِ خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ کمسن طلحہ کی دلخراش شہادت نے ہر آنکھ کو نم کر دیا۔
بعد ازاں دونوں شہداء کی نمازِ جنازہ آبائی گاؤں سلطان خیل کے تکیہ گراؤنڈ میں ادا کی گئی، جس میں قبائلی عمائدین، مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندوں، سرکاری اہلکاروں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
ڈی پی او خیبر وقار احمد نے شہید کانسٹیبل سفیر خان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نڈر، بااصول اور فرض شناس اہلکار تھے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پولیس فورس اہلِ خانہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
واقعے کے بعد سلطان خیل اور گردونواح میں سوگ کی فضا برقرار ہے، جبکہ شہداء کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے خصوصی دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے