
مثبت سرگرمیوں کے فروغ سے نوجوان جرائم اور منفی رجحانات سے دور رہتے ہیں
ضلع خیبر (خیال مت شاہ آفریدی) خیبر کی تحصیل باڑہ میں نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے مقصد سے منعقدہ کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگیا، جس میں قمبر الیون نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فائنل اپنے نام کر لیا۔ ٹورنامنٹ کا انعقاد باڑہ تحصیل کونسل کے زیر اہتمام غیر سرکاری تنظیم جائیکا کے تعاون سے کیا گیا، جبکہ فائنل میچ سپین قبر گراؤنڈ میں قوم سپاہ اور قوم برقمبر خیل کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔
ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر بیس ٹیموں نے حصہ لیا، جس سے علاقے میں کھیلوں کے بڑھتے ہوئے رجحان اور نوجوانوں کی دلچسپی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ فائنل میچ دیکھنے کے لیے کھیلوں کے شائقین کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود رہی اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اختتامی مقابلے میں قمبر الیون نے بہتر کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کی۔
میچ کے بعد منعقدہ تقریب تقسیمِ انعامات سے خطاب کرتے ہوئے خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کے صدر ، ، مہمان خصوصی ، سابق ویلج چیئرمین اور نے کھیلوں کے فروغ کے لیے جائیکا اور تحصیل کونسل کی کاوشوں کو سراہا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ کھیل اور امن ایک دوسرے کے لیے ناگزیر ہیں۔ ان کے مطابق اگر علاقے میں امن قائم ہو تو کھیلوں کے میدان آباد رہتے ہیں، جبکہ مثبت سرگرمیوں کے فروغ سے نوجوان جرائم اور منفی رجحانات سے دور رہتے ہیں۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ کھیل نہ صرف نوجوانوں کی جسمانی صحت بہتر بناتے ہیں بلکہ معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
صدر خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی گل عباد خان آفریدی نے قوم سپاہ کے ویلج چیئرمینز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محدود اختیارات کے باوجود مقامی نمائندوں نے گزشتہ چار برسوں کے دوران عوامی اور فلاحی سرگرمیوں کو جاری رکھا۔ انہوں نے نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مزید مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
تقریب کے دوران مہمان خصوصی نواب گل آفریدی نے فاتح ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے پانچ ہزار روپے نقد انعام کا اعلان کیا۔ تحصیل کونسل کی جانب سے ونر ٹیم کو پندرہ ہزار جبکہ رنر اپ ٹیم کو دس ہزار روپے دیے گئے۔ اس کے علاوہ عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی رہنما کی جانب سے بھی فاتح ٹیم کے لیے دس ہزار روپے کا خصوصی انعام بھجوایا گیا۔
اختتامی تقریب میں منتخب ویلج چیئرمینز اور خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کے عہدیداروں نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے۔ ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے والی مختلف شخصیات اور تنظیموں کو خصوصی شیلڈز سے بھی نوازا گیا، جبکہ خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کو سماجی خدمات اور کھیلوں کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر خصوصی اعزاز دیا گیا۔
مقامی شہریوں اور کھیلوں کے شائقین نے اس نوعیت کی سرگرمیوں کو علاقے کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کے لیے مستقبل میں بھی ایسے ٹورنامنٹس کا انعقاد جاری رکھا جائے تاکہ باڑہ میں کھیلوں کا کلچر مزید مضبوط ہو سکے۔
![]()