تیراہ (خیال مت شاہ آفریدی) وادی تیراہ کے دور افتادہ پہاڑی علاقے وچے ونے میں زیر تعمیر سڑک پر کام کرنے والے مزدوروں اور مشینری پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تعمیراتی سامان کو شدید نقصان پہنچا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب وچے ونے سورکس ٹوباغ کلی راجگال روڈ پر تعمیراتی کام معمول کے مطابق جاری تھا۔ اسی دوران مسلح افراد نے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں سے مزدوروں اور مشینری کو نشانہ بنایا۔ اچانک فائرنگ کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مزدور اپنی جانیں بچانے کے لیے محفوظ مقامات کی جانب بھاگ نکلے۔

ذرائع نے بتایا کہ حملے کے دوران تعمیراتی کمپنی کے چوکیدار نے بھی جوابی فائرنگ کی، جس کے بعد مزدوروں کو علاقے سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ تاہم حملے میں استعمال ہونے والی بھاری مشینری کو نقصان پہنچا اور بعض آلات جزوی طور پر ناکارہ ہو گئے۔

علاقے کے مکینوں کے مطابق اس سڑک پر گزشتہ کئی ماہ سے تعمیراتی کام جاری ہے، مگر وادی تیراہ کے بعض دور دراز علاقوں میں سیکیورٹی چیلنجز کے باعث ایسے منصوبے اکثر متاثر ہوتے ہیں۔ مقامی افراد نے بتایا کہ بار بار پیش آنے والے واقعات کے باعث نہ صرف ترقیاتی کام سست روی کا شکار ہے بلکہ مزدور بھی شدید خوف کے ماحول میں کام کرنے پر مجبور ہیں۔

علاقہ مکینوں اور عمائدین نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی موجودگی کے باوجود تعمیراتی سرگرمیوں کو نشانہ بنانا تشویشناک ہے۔ ان کے مطابق ایسے واقعات ترقیاتی عمل میں بڑی رکاوٹ ہیں اور مقامی آبادی کو بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ تیراہ کے دور افتادہ علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے عملے اور مشینری کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ تعمیراتی سرگرمیاں محفوظ ماحول میں جاری رہ سکیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے علاقے میں صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے