

متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں گلیم گرلز لیڈیز گروپ کے زیر اہتمام رنگا رنگ عید میلہ اور شاپنگ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین، فیملیز اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ میلے میں مختلف کاروباری، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ خواتین اور بچوں کے لیے خصوصی اسٹالز بھی قائم کیے گئے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر خالد حسین چوہدری تھے، جنہوں نے فیتہ کاٹ کر میلے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب کے دوران منتظمین کی جانب سے کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ عید میلے کا اہتمام گلیم گرلز لیڈیز گروپ کی جانب سے افشاں ساجد اور کوآرڈینیٹر صبیحہ خان نے کیا تھا۔


میلے میں شارجہ کی معروف کاروباری شخصیات اور سماجی رہنماؤں نے بھی شرکت کی، جن میں شاہد ندیم، صدر ایمرا طارق ندیم، ملک اسلم، حسین وارثی، سجاد اکبر، حافظ رؤف، ارباب جہانگیر اور جہاں زیب مغل شامل تھے۔ شرکاء نے افشاں ساجد اور ساجد قریشی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تقریب کو پاکستانی کمیونٹی کے لیے مثبت اور خوش آئند سرگرمی قرار دیا۔
پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر خالد حسین چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت نے پاکستانی کمیونٹی کو بہترین کاروباری ماحول، سہولیات اور مؤثر سکیورٹی فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی متحدہ عرب امارات کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہیں۔
عید شاپنگ فیسٹیول میں ریحانہ غوری، حریم، فاطمہ، ہما، عاصمہ جہاں، صبیحہ اور دیگر خواتین نے فعال شرکت کی۔ میلے میں خواتین اور بچوں کے لیے ریڈی میڈ گارمنٹس، کاسمیٹکس، روم ڈیکوریشن، چوڑیاں، مہندی، ہوم میڈ سویٹس اور گھریلو استعمال کی مختلف اشیاء کے اسٹالز لگائے گئے، جنہیں شرکاء کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی تقریبات نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں مددگار ثابت ہوتی ہیں بلکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور ثقافتی روایات کو زندہ رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر منتظمین نے تمام مہمانوں، کاروباری شخصیات اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اسی نوعیت کی مزید تقریبات کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔
![]()