باڑہ (خیال مت شاہ آفریدی) تحصیل باڑہ میں صحت اور سکن کیئر کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب مصطفی ڈینٹل کلینک اور جنید ایسٹھیٹک سنٹر کا بیک وقت باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں معروف دینی و سماجی شخصیت مفتی محمد وکیل سمیت سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے دونوں مراکز کے قیام کو علاقے کے عوام کے لیے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ جدید طبی اور جمالیاتی سہولیات کی مقامی سطح پر دستیابی سے شہریوں کو معیاری علاج کے لیے دیگر شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں نجی سطح پر ایسے اقدامات عوامی سہولت اور طبی شعور میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔

اس موقع پر مصطفٰی ڈینٹل کلینک کے انچارج نے دانتوں کی صحت کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دانت انسانی صحت کا بنیادی حصہ ہیں اور ان کی حفاظت انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزمرہ صفائی، بروقت معائنہ اور احتیاطی تدابیر اختیار کر کے دانتوں کی مختلف بیماریوں سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ دانتوں کی معمولی تکالیف کو بھی نظر انداز نہ کریں کیونکہ بروقت علاج مستقبل کی پیچیدگیوں سے بچا سکتا ہے۔

دوسری جانب جنید ایسٹھیٹک سنٹر کے سربراہ نے جدید دور میں سکن کیئر اور جمالیاتی علاج کی بڑھتی ہوئی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سنٹر میں جلد اور چہرے سے متعلق مختلف مسائل کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مستند طریقہ علاج فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ مرکز میں کیل مہاسوں، داغ دھبوں، فریکلز، پگمنٹیشن، جھریوں اور عمر کے اثرات کے خاتمے کے لیے خصوصی ٹریٹمنٹس دستیاب ہوں گے۔ اس کے علاوہ اسکن ریجووینیشن، فیشل تھراپیز، کیمیکل پیل اور لیزر ٹریٹمنٹ کے ذریعے جلد کو صحت مند اور تروتازہ بنانے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

ڈاکٹر جنید کے مطابق سنٹر میں ہیئر ریموول لیزر، اسکن ٹائٹننگ اور چہرے کی قدرتی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے جدید غیر جراحی طریقہ علاج بھی دستیاب ہوں گے، جن کے ذریعے مریض بغیر بڑے آپریشن کے بہتر نتائج حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبی اور جمالیاتی طریقہ علاج ماہر نگرانی اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق انجام دیے جائیں گے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے دونوں مراکز کا دورہ کیا اور فراہم کردہ سہولیات کو سراہتے ہوئے انتظامیہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی کہ ان مراکز کے قیام سے تحصیل باڑہ میں نہ صرف صحت کی سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ جدید سکن کیئر خدمات تک عوام کی رسائی بھی آسان ہوگی۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے