
پشاور(فیاض شاداب) رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ (RMI) نے بچوں کے امراضِ قلب کے شعبے میں ایک اہم طبی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دل کی پیچیدہ پیدائشی بیماریوں میں مبتلا چار بچوں کے کامیاب آپریشنز مکمل کر لیے ہیں۔ ان آپریشنز میں نہایت حساس اور پیچیدہ آرٹیریل سوئچ (Arterial Switch) سرجری بھی شامل ہے، جسے امراضِ قلب کے میدان میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق یہ آپریشنز بحریہ آرچرڈ ہسپتال لاہور اور آر ایم آئی پشاور کے ماہر سرجنز پر مشتمل مشترکہ ٹیم نے انجام دیے۔ آپریشنز کا مقصد ان بچوں کا علاج تھا جو پیدائشی طور پر دل کی پیچیدہ بیماریوں میں مبتلا تھے اور جنہیں فوری اور خصوصی طبی مداخلت کی ضرورت تھی۔
ماہرین کے مطابق ٹرانسپوزیشن آف گریٹ آرٹریز (TGA) ایک ایسی پیدائشی بیماری ہے جس میں دل سے نکلنے والی بڑی شریانیں اپنی اصل ساخت کے برعکس جڑی ہوتی ہیں۔ اس کے نتیجے میں جسم کو مطلوبہ مقدار میں آکسیجن نہیں مل پاتی، جس سے مریض کی زندگی کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ آرٹیریل سوئچ آپریشن کے ذریعے ان شریانوں کو درست مقام پر منتقل کیا جاتا ہے تاکہ خون کی روانی معمول کے مطابق بحال ہو سکے۔
لاہور سے آنے والی طبی ٹیم میں ہیڈ آف انستھیزیا میجر جنرل ڈاکٹر افتخار احمد، پیڈیاٹرک کارڈیک سرجن ڈاکٹر اعتزاز الدین اور ڈاکٹر سلمان فارسی شامل تھے۔ انہوں نے آر ایم آئی کے ماہرین پروفیسر ڈاکٹر اعظم جان، ڈاکٹر طارق سہیل بابر، ڈاکٹر نبیل اعوان، ڈاکٹر سائرہ، ڈاکٹر امتیاز اور ڈاکٹر احسن کے ساتھ مل کر آپریشنز انجام دیے۔
اس موقع پر نرسنگ اور انٹینسیو کیئر یونٹ کے عملے کے لیے خصوصی تربیتی سیشنز بھی منعقد کیے گئے، جن کا مقصد جدید طبی طریقہ کار اور پیچیدہ مریضوں کی نگہداشت سے متعلق صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا تھا۔ انتظامیہ کے مطابق اس اقدام سے مستقبل میں ایسے مریضوں کو مزید مؤثر اور معیاری طبی خدمات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
آر ایم آئی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد رحمان نے اس مشترکہ کاوش کو صحت کے شعبے میں ایک مثبت مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ مختلف طبی اداروں کے درمیان تعاون کے ذریعے نہ صرف جدید مہارتوں کا تبادلہ ممکن ہوتا ہے بلکہ عوام کو اپنے ہی شہر میں عالمی معیار کی طبی سہولیات بھی میسر آتی ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بچوں کے دل کے پیدائشی امراض کے علاج کے لیے خصوصی مراکز کی ضرورت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ایسے میں آر ایم آئی میں پیچیدہ کارڈیک سرجریز کی کامیاب انجام دہی صوبے اور خطے کے مریضوں کے لیے امید کی ایک نئی کرن ثابت ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ پشاور خطے کے اہم ٹرشری کیئر ہسپتالوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں جدید طبی آلات، خصوصی شعبہ جات اور ماہر ڈاکٹرز کی موجودگی کے باعث دل کے پیچیدہ امراض سمیت مختلف بیماریوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ ہسپتال میں صحت کارڈ کے حامل مریضوں کے لیے بھی علاج کی سہولیات دستیاب ہیں۔
طبی حلقوں کے مطابق حالیہ کامیابی نہ صرف آر ایم آئی بلکہ صوبے کے شعبہ صحت کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے مستقبل میں بچوں کے پیچیدہ امراضِ قلب کے علاج کی مقامی سطح پر استعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
![]()