

دبئی/عجمان (طاہر منیر طاہر) — متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں عیدالاضحیٰ 2026 کے موقع پر "گلیم گرلز” کے زیر اہتمام عید شاپنگ میلہ منعقد کیا گیا، جس میں عرب اور پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد، خاندانوں، خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ میلے کا مقصد عید کی خوشیوں کو فروغ دینا، خواتین کاروباری شخصیات کی حوصلہ افزائی کرنا اور اوورسیز پاکستانیوں کو ایک مشترکہ سماجی و ثقافتی پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔


میلے کے انتظامات گلیم گرلز کی بانی افشاں ساجد اور گروپ کوآرڈینیٹر صبیحہ خان کی نگرانی میں مکمل کیے گئے۔ تقریب میں مقامی عرب شخصیت ڈاکٹر بو عبداللہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ان کے ہمراہ مختلف سماجی اور کاروباری حلقوں سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر بو عبداللہ نے خواتین منتظمین اور اسٹال ہولڈرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام نہ صرف مقامی سطح پر کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں بلکہ مختلف ثقافتوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں بھی اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
میلے کے دوران ڈاکٹر بو عبداللہ، افشاں ساجد، صبیحہ خان، معروف کاروباری شخصیت معین الدین، حاجی محمد یاسین، ڈاکٹر نور الصباح، بہزاد خورشید، حافظ عبدالروف، سوشل میڈیا انفلوینسر ممتاجی، روزینہ، چاچا سیالکوٹی، جہاں زیب مغل اور دیگر مہمانوں نے کیک کاٹا اور پاکستان و متحدہ عرب امارات کی ترقی، خوشحالی اور دوطرفہ دوستی کے لیے خصوصی دعا کی۔
شاپنگ میلے میں خواتین کاروباری افراد نے مختلف نوعیت کے اسٹالز قائم کیے جن میں ریڈی میڈ گارمنٹس، کاسمیٹکس، روم ڈیکوریشن آئٹمز، چوڑیاں، مہندی، ہوم میڈ سویٹس اور دیگر گھریلو ضروریات کی اشیاء شامل تھیں۔ صبیحہ جمال، فاطمہ وحید، حریم ندیم، حسنات جہاں، سدرہ یاور، صومیہ راشد، عائشہ، رخشندہ سلمان اور امیرہ شہزادی سمیت متعدد خواتین نے اپنی مصنوعات نمائش کے لیے پیش کیں، جنہیں شرکاء کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افشاں ساجد اور صبیحہ خان نے بتایا کہ میلے میں معیاری مصنوعات مناسب قیمتوں پر فراہم کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ خریداری سے فائدہ اٹھا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات دنیا بھر کے سرمایہ کاروں اور سیاحوں کے لیے ایک پرکشش مرکز بن چکا ہے، جہاں کاروباری اور سماجی سرگرمیاں مسلسل فروغ پا رہی ہیں۔
تقریب میں شریک متعدد افراد نے اپنے تاثرات میں کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایسے ثقافتی اور سماجی اجتماعات نہایت اہم ہیں کیونکہ یہ انہیں اپنی روایات، تہواروں اور کمیونٹی سے جوڑے رکھتے ہیں۔ شرکاء کے مطابق اس قسم کی سرگرمیاں پردیس میں وطن کی یاد کو تازہ کرنے اور باہمی روابط مضبوط بنانے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوتی ہیں۔
میلے کے اختتام پر شرکاء نے کامیاب انعقاد پر افشاں ساجد اور ساجد قریشی سمیت انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ منتظمین نے اعلان کیا کہ مستقبل میں بھی پاکستانی کمیونٹی کو یکجا کرنے اور تفریحی و ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اسی نوعیت کے پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔
عجمان میں منعقد ہونے والا یہ عید شاپنگ میلہ نہ صرف خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کے اظہار کا ذریعہ بنا بلکہ اس نے پاکستانی اور عرب کمیونٹیز کے درمیان سماجی ہم آہنگی اور ثقافتی روابط کو مزید مستحکم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
![]()