
پشاور (فیاض شاداب) پشاور میں نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ (NDM) کے مرکزی تنظیمی اجلاس کے دوران پارٹی کی نئی مرکزی کابینہ تشکیل دے دی گئی، جس میں محسن داوڑ کو دوبارہ پارٹی صدر منتخب کیا گیا۔ اجلاس میں ملک بھر سے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی جبکہ تنظیمی امور، سیاسی حکمت عملی اور پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت سینئر سیاستدان اور قوم پرست رہنما افراسیاب خٹک نے کی۔ پارٹی اعلامیے کے مطابق مزمل شاہ کو جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا، جبکہ اعجاز اسلم کو ڈپٹی جنرل سیکرٹری کی ذمہ داری سونپی گئی۔ اسی طرح خوشحال خان کو سیکرٹری اطلاعات، ابراہیم خان کو فائنانس سیکرٹری، نعمان وزیر کو کلچر و یوتھ افیئرز، رشید حقمل کو لیبر سیکرٹری، جمیلہ گیلانی کو سیکرٹری امور خارجہ اور عمران وزیر کو جوائنٹ سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔
مرکزی اجلاس میں خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، پنجاب اور اسلام آباد سے این ڈی ایم اور نیشنل سٹوڈنٹس موومنٹ کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پارٹی کی تنظیم سازی، نوجوانوں کی سیاسی شمولیت اور موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر سوات سے تعلق رکھنے والے پشتون قوم پرست رہنما مرحوم شیر محمد خان کے صاحبزادے ایڈوکیٹ ځيگر شير نے بھی نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پارٹی رہنماؤں نے ان کی شمولیت کو تنظیم کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔
نو منتخب قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی جمہوری اقدار، آئینی حقوق، صوبائی خودمختاری اور نوجوانوں کی سیاسی نمائندگی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اپنے سیاسی بیانیے کو ملک کے مختلف حصوں تک پہنچانے اور عوامی مسائل اجاگر کرنے کے لیے منظم سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق نئی کابینہ کی تشکیل ایسے وقت میں عمل میں آئی ہے جب ملک میں سیاسی جماعتیں اپنی تنظیمی صف بندی اور عوامی رابطہ مہمات کو مزید فعال بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ این ڈی ایم کی نئی قیادت کو خاص طور پر نوجوان ووٹرز اور قوم پرست حلقوں میں اپنی سیاسی جگہ مضبوط بنانے کا چیلنج درپیش ہوگا۔
اجلاس کے اختتام پر پارٹی رہنماؤں نے تنظیمی اتحاد برقرار رکھنے، سیاسی کارکنوں کے ساتھ روابط مضبوط کرنے اور ملک بھر میں پارٹی ڈھانچے کو مزید فعال بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
#NDM, #MohsinDawar, #AfrasiabKhattak, #Peshawar, #NationalDemocraticMovement, #محسن_داوڑ, #این_ڈی_ایم, #پشاور, #افراسیاب_خٹک, #سیاسی_اجلاس
![]()