

دبئی(طاہر منیر طاہر) دبئی میں پاکستان بریٹن بزنس کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راشد اقبال کے اعزاز میں ایک خصوصی بزنس لنچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں متحدہ عرب امارات اور برطانیہ میں سرگرم پاکستانی کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں، پیشہ ور افراد اور مختلف بزنس کونسلز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کا بنیادی مقصد پاکستانی ڈائسپورا کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، پیشہ ورانہ تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید فروغ دینا تھا۔
تقریب کی میزبانی پاکستان بریٹن بزنس کونسل کے ہیڈ آف انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ سمیر احمد شاہد، ایلیٹ ہادی شاہد چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے پارٹنر ڈاکٹر عبد الہادی شاہد اور پاکستان بریٹن بزنس کونسل کے ڈائریکٹر آف ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹس عمر فاروق نے مشترکہ طور پر دبئی کے ایک مقامی ہوٹل میں کی۔


تقریب کے مہمانِ خصوصی متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے کمرشل قونصلر علی زیب خان تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی بزنس کونسلز نہ صرف تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں بلکہ یہ ادارے سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے اور پاکستانی کاروباری برادری کو عالمی مارکیٹ سے جوڑنے میں بھی مؤثر ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اور مسلسل روابط کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب میں پاکستان بزنس اینڈ پروفیشنلز کونسل ابو ظہبی، پاکستان بزنس کونسل دبئی اور پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے نمائندہ وفود نے شرکت کی۔ سمیر احمد شاہد نے مختلف تنظیموں کے نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر مدعو کرنے کے اقدام کو باہمی ہم آہنگی اور اشتراکِ عمل کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔
پاکستان بزنس کونسل دبئی کے وفد کی قیادت چیئرمین شبیر مرچنٹ نے کی، جبکہ وفد میں خرم خواجہ، نور کریم آفریدی اور مصطفیٰ ہیمانی شامل تھے۔ پاکستان بزنس اینڈ پروفیشنلز کونسل ابو ظہبی کی نمائندگی سید اعجاز بخاری نے کی۔ اسی طرح پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے وفد کی قیادت سید سلیم اختر نے کی، جبکہ وفد میں ڈاکٹر نورالصباح، صفدر رشید، ڈاکٹر ظفر رضوی، راشد الحق، شفیق الرحمٰن اور فراز احمد صدیقی سمیت دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔
اجلاس کے دوران شرکاء کے مابین تفصیلی تبادلۂ خیال اور علیحدہ ملاقاتیں بھی ہوئیں، جن میں تجارتی سہولت کاری، سرمایہ کاری شراکت داری، کاروباری نیٹ ورکنگ اور پاکستانی ڈائسپورا کے لیے بین الاقوامی مواقع سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔ شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ متحدہ عرب امارات اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی کاروباری برادریوں کے درمیان مضبوط روابط نہ صرف پاکستانی معیشت کے لیے سودمند ثابت ہوں گے بلکہ نوجوان کاروباری افراد اور پیشہ ور افراد کے لیے بھی نئے امکانات پیدا کریں گے۔
تقریب میں پاکستان قونصلیٹ دبئی کے قونصلر ہارون چوہدری، شہباز علی بھٹہ، عادل خان اور دیگر نمایاں کاروباری و پیشہ ور شخصیات نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر شریک تنظیموں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مستقبل میں بھی مشترکہ اقدامات، تجارتی روابط اور پیشہ ورانہ تعاون کو فروغ دے کر پاکستانی ڈائسپورا کو عالمی سطح پر مزید مؤثر اور منظم بنانے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔
![]()