
پشاور میں خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے رنگ روڈ کبوتر چوک کے قریب ایک گودام پر چھاپہ مارا۔ ترجمان کے مطابق کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن پشاور ڈویژن کی سربراہی میں کی گئی۔
چھاپے کے دوران گودام میں مبینہ طور پر ایکسپائرڈ جیلی، لالی پاپس، بسکٹس، ٹافیاں اور چیونگ گمز کی ایکسپائری تاریخیں تبدیل کی جا رہی تھیں۔ فوڈ اتھارٹی نے تقریباً 1000 کلوگرام ایکسپائرڈ اور ایکسپائری تبدیل شدہ اشیاء ضبط کر لیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ موقع سے ایکسپائری ڈیٹ تبدیل کرنے والی مشین، ہاٹ ایئر بلوئر اور پیکجنگ میٹریل بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ قانون اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر یونٹ کو فوری طور پر سیل کر کے فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی نے کہا کہ ایسے انسان دشمن عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
![]()