خیبر (امان علی شینواری) ڈسٹرکٹ پریس کلب خیبر میں خیبر سیاسی اتحاد کا ایک اہم اور جامع مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کی تحصیل سطح کی قیادت کے علاوہ صوبائی اور قبائلی اضلاع کی سطح پر معزز مشران نے بڑی تعداد میں شرکت کی. اجلاس میں شاہ حسین شینواری، مراد حسین آفریدی، مفتی اعجاز شینواری، حاجی ضرب اللہ، مولانا شعیب، ساجد آفریدی، ہمیش شینواری، فضل الرحمن آفریدی سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے شرکت کی. مشاورتی اجلاس کے دوران تحصیل لنڈی کوتل کو درپیش سنگین اور دیرینہ مسائل پر تفصیلی اور سنجیدہ غور و خوض کیا گیا. شرکاء نے ہسپتال میں بنیادی طبی سہولیات کی شدید کمی، علاج معالجے میں غفلت، پینے کے صاف پانی کے منصوبوں کی عدم تکمیل، خستہ حال سڑکوں کی ابتر صورتحال اور تعلیمی شعبے میں پائی جانے والی مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کیا. اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے عوام کی روزمرہ زندگی کو شدید مشکلات اور اذیت سے دوچار کر رکھا ہے، جس کا فوری تدارک ناگزیر ہے. اجلاس میں خیبر سیاسی اتحاد کی تنظیمی سرگرمیوں میں تیزی لانے، عوامی مسائل کو منظم اور مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور ان کے عملی حل کے لیے مشترکہ اور منظم جدوجہد پر اتفاقِ رائے پایا گیا. شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبر سیاسی اتحاد عوامی حقوق کے تحفظ اور علاقے کی ترقی کے لیے ہر فورم پر بھرپور اور مؤثر آواز بلند کرتا رہے گا. اجلاس کے اختتام پر متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ خیبر سیاسی اتحاد کے صدر مراد حسین آفریدی کو اختیار دیا جائے کہ وہ اتحاد کو مزید فعال بنانے اور آئندہ کے لیے جامع اور مؤثر لائحہ عمل مرتب کرنے کی غرض سے تمام سیاسی جماعتوں کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کا ایک مشترکہ اجلاس طلب کریں تاکہ تحصیل لنڈی کوتل سمیت ضلع خیبر کے عوامی مسائل کے حل کے لیے واضح اور قابلِ عمل حکمتِ عملی وضع کی جا سکے.

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے