باڑہ (نمائندہ خیال مت شاہ آفریدی) باڑہ بازار میں زمین کے تنازعے پر پولیس کی کارروائی کے دوران کار پارکنگ اور ملحقہ پلاٹ کو مسمار کر دیا گیا، جس کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی۔ پولیس اور مقامی افراد کے درمیان صورتحال اس وقت مزید بگڑ گئی جب پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی مبینہ قبضہ مافیا کے خلاف کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق باڑہ بازار میں قبیلہ سپاہ کے ملک خاندان اور کندے جانی خیل سمیت دیگر فریقین کے درمیان زمین کا تنازعہ چل رہا تھا۔ اسی تنازعے کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر بولڈوزر کے ذریعے کار پارکنگ اور دیگر ملحقہ تعمیرات کو مسمار کر دیا۔
کارروائی کے بعد بازار میں حالات کشیدہ ہو گئے۔ مشتعل افراد کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے شدید ہوائی فائرنگ کی اور آنسو گیس کے شیل بھی فائر کیے۔ دوسری جانب کندے جانی خیل اور دیگر افراد نے احتجاجاً خیبر چوک میں پاک افغان شاہراہ کو ٹائر جلا کر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔
کشیدہ صورتحال کے باعث باڑہ بازار کے تاجروں اور دکانداروں نے بھی احتیاطاً اپنی دکانیں بند کر دیں، جس سے علاقے میں کاروباری سرگرمیاں معطل ہو گئیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ صورتحال بدستور کشیدہ بتائی جا رہی ہے۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے