
پشاور: قائد حزب اختلاف صوبائی اسمبلی اور ترجمان ڈاکٹر عباداللہ خان نے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے اڈیالہ جیل کے باہر رات گزارنے کے اقدام کو “سیاسی شو” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے عوام بدامنی، مہنگائی اور کرپشن کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ اپنی ذمہ داریوں سے ہٹ کر قیدی 804 کی سیاست میں مصروف ہیں۔
ڈاکٹر عباداللہ خان نے کہا کہ تیراہ کے متاثرین بے یار و مددگار ہیں، انہیں بنیادی سہولیات اور حکومتی امداد کی اشد ضرورت ہے، مگر صوبائی حکومت کی ترجیحات عوامی ریلیف کے بجائے انتشاری سیاست بن چکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ کے حالیہ بیانات اور اقدامات صوبے میں مزید انتشار کا سبب بن سکتے ہیں۔
قائد حزب اختلاف نے سوال اٹھایا کہ خیبر پختونخوا کی قیادت عوام کے ساتھ کھڑی ہے یا سیاسی قیدی کے ساتھ؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ فوری طور پر عوامی مسائل، تیراہ متاثرین کی بحالی اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے پر توجہ دیں۔
![]()