امجد ہادی یوسفزئی

پشتو ڈرامہ سیریل "خاپونہ” میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اور اس کے مصنف ایم اظہار بوبی کا کہنا ہے کہ سیریل کے ٹیزر کو شائقین کی جانب سے غیر معمولی طور پر پسند کیا جا رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ناظرین سنجیدہ اور سماجی شعور پر مبنی موضوعات میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

ایم اظہار بوبی کے مطابق "خاپونہ” انسانی سمگلنگ جیسے حساس اور سنگین مسئلے کو حقیقت کے قریب انداز میں پیش کرتی ہے، جس کا مقصد صرف تفریح نہیں بلکہ عوام میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیزر پر ملنے والا مثبت ردِعمل پوری ٹیم کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

چالیس اقساط پر مشتمل اس ڈرامہ سیریل کی ہدایت کاری اور پروڈکشن معروف ڈائریکٹر و پروڈیوسر اشفاق طورو نے کی ہے، جبکہ اس کا اسکرپٹ محمد اظہار بوبی اور فیروز خان زیگر نے تحریر کیا ہے۔ سیریل کی مشترکہ پروڈکشن سیون کلرز پروڈکشن انٹرنیشنل، مائیکرو اسکرین انٹرنیشنل اور واہ برادرز کے تعاون سے مکمل کی گئی ہے۔

"خاپونہ” کی کہانی انسانی سمگلنگ کے پس منظر میں جنم لینے والے سماجی، اخلاقی اور انسانی مسائل کو اجاگر کرتی ہے، جو نہ صرف مقامی بلکہ عالمی سطح پر ایک سنجیدہ چیلنج بن چکے ہیں۔

ڈرامے کی تدوین صاحبزادہ نے کی ہے، میک اپ کی ذمہ داریاں رمضیہ غزل نے نبھائیں جبکہ ملبوسات فرح جی شاہ نے ڈیزائن کیے ہیں۔ سیریل کی کاسٹ میں طارق جمال، اظہار بوبی، خالد خٹک، حمید شہزاد، قاضی عارف، نیک خان، شیر خان، منجی سنگھ، گویندر سنگھ، وقاص عباس، ضیاء بوبی، اضمام بوبی، اویس شاہ، بریگیٹ لی، ہویو گارسیا، ہینری رومیرو، اینڈریو مارٹینر، فلیو گارسیا، کی میک فرلینڈ، احد لودھی، شیوانگی، سعید شینا، حاجی فضل رازق، رقیہ، شکیبہ افغان، سلام سواتی، شاہ رخ، زمان بغدادی، سجاد علی، ریحانہ مکین، سلمان خان، حمزہ نوشہروی، حمزہ نوشہروی اور ایم کے شیرازی شامل ہیں۔

ڈائریکٹر اشفاق طورو کے مطابق یہ سیریل انسانی سمگلنگ جیسے جرم کے معاشرے پر پڑنے والے اثرات کو نمایاں کرنے کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق اور سماجی شعور کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

واضح رہے کہ "خاپونہ” امریکا میں عکس بند کی جانے والی پہلی پشتو ڈرامہ سیریل ہے، جس کی شوٹنگ نیویارک، میری لینڈ اور فلاڈیلفیا میں کی گئی ہے۔ ایم اظہار بوبی نے نہ صرف اس سیریل میں اداکاری اور اسکرپٹ رائٹنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں بلکہ امریکا میں مختلف لوکیشنز کے انتخاب، شوٹنگ اجازت ناموں اور دیگر انتظامی معاملات میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے