23 جنوری کو چچا زاد عرفان نے اجرتی قاتلوں کے ہمراہ گھر پر دھاوا بولا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی، عالیہ بی بی

پشاور(مدثر زیب سے) پشاور کے نواحی علاقے ریگی، غزالی گڑھی میں ایک ہفتہ قبل قتل ہونے والے ایف سی کمانڈو سمیت دو افراد کے قاتل گرفتار نہ ہو سکے۔قاتلانہ حملے میں شہید ہونے والے ایف سی کمانڈو کے بھائیوں تحسین اللہ، عبدالباسط، بہن عالیہ بی بی اور رشتہ دار ندیم خان نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ تحسین اللہ اور عالیہ بی بی نے صحافیوں کو بتایا کہ صرف دو مرلے زمین کے تنازعہ پر ہمارے چچا زاد بھائی عرفان نے اجرتی قاتلوں کے ہمراہ گزشتہ جمعہ کو ہمارے گھر پر دھاوا بولا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے لگ کر میرا بھائی محمد یوسف شہید ہو گیا جبکہ دوسرا بھائی محمد اسحاق لگ کر شدید زخمی ہو گیا۔ عالیہ بی بی نے بتایا کہ ظالموں نے میری بوڑھی والدہ سحرجانہ بی بی کو بھی نہ بخشا اور ان کے سرپر بھی گولی ماری جو ابھی بھی خیبرٹیچنگ ہسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ تحسین اللہ نے بتایا کہ میرا بھائی وادی تیراہ میں بارڈر پر ڈیوٹی انجام دیتا تھا،چھٹی پر گھر آیا اور موت نے آ لیا۔ فائرنگ سے میرا بہنوئی عارف اللہ،چچا زاد عمران اور تین راہگیر بھی زخمی ہوئے جبکہ قاتلوں نے کراس رپورٹ کیلئے اپنے بھتیجے عثمان کو بھی ڈائریکٹ گولی کا نشانہ بنایا جس کا سارا علاقہ چشم دید گواہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثالثی کے لئے ہم نے سینکڑوں جرگے کئے لیکن عرفان اور اس دیگر رشتہ دار اپنی ضد پر قائم رہے۔ عرفان نے مولوی کو مانا نہ ہی علاقہ مشران و عمائدین۔عالیہ بی بی نے بتایا کہ واقعہ کو ایک ہفتہ گزرگیا تھانہ ریگی میں ایف آئی آر درج ہے لیکن قاتل آج بھی آزاد پھر رہے ہیں اور موبائل و مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ عبدالباسط نے صحافیوں کو بتایا کہ دھمکیوں کی وجہ سے ہم لوگ گھروں میں پناہ گزین اور شدید خوفزدہ ہیں چونکہ عرفان اثرورسوخ اور پیسے والا ہے،پولیس ان قاتلوں کو گرفتار نہیں کررہی۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ عرفان نامی شخص پہلے بھی قتل، قبضہ مافیا اور اغواء کاری میں ملوث رہا ہے، اور اسے پہلے بھی حساس اداروں نے تین مرتبہ گرفتار کیا تھا۔عالیہ بی بی نے بتایا کہ اداروں نے بھی اس حوالے سے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا، پولیس نے پوچھا نہ ہی ایف سی نے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی،آئی جی ایف سی، آئی جی پولیس و دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ہمارے بھائی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور قاتلوں سے ہمیں تحفظ دلایا جائے۔
![]()