پشاور (پ ر) عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ تیراہ کے متاثرین کو درپیش شدید مشکلات صوبائی حکومت کی سنگین نااہلی، مجرمانہ غفلت اور بدانتظامی کا واضح نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر خیبر کی جانب سے اکتوبر کے مہینے میں صوبائی حکومت کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا تھا کہ شدید برفباری کے باعث تیراہ کے بعض علاقوں میں نقل مکانی کا خدشہ ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ ٹرانسپورٹ، خوراک، نقد امداد، رجسٹریشن اور ٹرانزٹ پوائنٹس کے قیام سے متعلق پیشگی منصوبہ بندی سے بھی آگاہ کرچکی تھی۔
میاں افتخار حسین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واضح اطلاعات اور وارننگ کے باوجود صوبائی حکومت نے دو ماہ تک عملی سطح پر کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا، جس کے نتیجے میں ہزاروں شہری برف، شدید سردی اور بے سروسامانی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیے گئے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر حکومت کو جنوری میں ممکنہ نقل مکانی کا علم تھا تو بروقت انتظامات کیوں نہیں کیے گئے، اور کیا یہی وہ نام نہاد “تبدیلی” ہے جس کے دعوے جلسوں اور تقاریر میں کیے جاتے ہیں؟
اے این پی کے صوبائی صدر نے کہا کہ 26 دسمبر کو ایمرجنسی کا نوٹیفکیشن جاری کرنا اس بات کا کھلا اعتراف ہے کہ خطرہ موجود تھا، مگر صرف کاغذی نوٹیفکیشن اور بیانات سے نہ تو بھوکے بچوں کا پیٹ بھرا جا سکتا ہے اور نہ ہی برف میں پھنسے بزرگوں کی جان بچائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مثالی گورننس کے دعوے اپنی جگہ، مگر حقیقت یہ ہے کہ تیراہ کے عوام اس وقت بدترین انسانی حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔
میاں افتخار حسین نے الزام عائد کیا کہ صوبائی حکومت اس حساس اور دردناک مسئلے پر بھی سیاست اور سودے بازی کر رہی ہے اور اپنی ناکامیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈالنا اس کی مستقل روش بن چکا ہے، حالانکہ حکمرانی کا بنیادی اصول یہ ہے کہ اختیارات کے ساتھ ذمہ داری بھی قبول کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تیراہ کے متاثرہ عوام کے لیے فوری، شفاف اور باعزت امدادی اقدامات کیے جائیں اور اس سنگین غفلت و بدانتظامی کے ذمہ داران کا واضح تعین کر کے ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ خیبر پختونخوا اور بالخصوص تیراہ کے عوام کسی کی تجربہ گاہ نہیں ہیں اور مزید پختونوں کے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ میاں افتخار حسین نے واضح کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی مشکلات میں گھرے تیراہ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر فورم پر اس المناک نااہلی، غفلت اور بے حسی کے خلاف بھرپور آواز بلند کرتی رہے گی۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے