رات کی تاریکی میں گھر پر دھاوا بولا گیا،حکومت نے انتہائی افسوسناک ردعمل کا مظاہرہ کیا، تاجر غیر محفوظ ہیں، صدر خیبرپختونخوا امین حسین بابر



پشاور(مدثرزیب سے) صرافہ جیمز اینڈ جیولری ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صدر امین حسین بابر، صوبائی جنرل سیکرٹری فیاض تاج نے صدر صرافہ بازار ایسوسی ایشن اندر شہر حاجی اورنگزیب، جنرل سیکرٹری احسن علی و دیگر معززین کے ساتھ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے انتہائی افسوسناک عمل کا مظاہرہ کیا ہے، حکومتی ایجنسیوں کے افراد نے رات کی تاریکی میں ایک شریف تاجر کے گھر پر بغیر سرچ وارنٹ و لیڈی کانسٹیبلز دھاوا بولا اور حاجی ظاہر شاہ اور ان کے بیٹے اویس شاہ کو اٹھا کر لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کس جگہ کا قانون ہے کہ دو بندوں کے لئے غیر قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا،اگر ان پر کوئی الزام تھاتو وہ صرافہ بازار اندر شہر کی کابینہ سے رابطہ کرتے یا متعلقہ تھانے کے ذریعے ہم سے رابطہ کرتے ہم ان کو یہ افراد پیش کر دیتے لیکن یہاں بغیر سرچ وارنٹ گھر پر دھاوا بولا گیا اور اس طرح کا ردعمل دیا گیا جیسے کسی انتہائی مطلوب دہشت گرد کی گرفتاری کیلئے کیا جاتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ظاہر شاہ اور اویس شاہ کو فی الفور رہا کیا جائے اگر اُن پر کوئی الزام ہے تو وہ سامنے لایا جائے اس کیلئے عدالت موجود ہے۔
پریس کانفرنس سے اپنے خطاب میں صرافہ ایسوسی ایشن اندر شہر کے صدر اورنگزیب نے بتایا کہ حکومت نے جن لوگوں کو اٹھایا ہے ان کا ریکارڈ کلی طور پر صاف ہے، انہوں نے بتایا کہ ہمیں ایجنسیوں اور حکومت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ سونے چاندی کا کاروبار کھل کر کریں لیکن ہنڈی حوالہ سے پرہیز کریں ہم سب سونا چاندی کا کاروباری ہی کر رہے ہیں لیکن رات کی تاریکی میں دھاوا بولا گیا ہم اس طرز عمل کی مذمت کرتے ہیں، حکومت نے ان دو شریف افراد کو اٹھا کر انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا ہے۔
صرافہ بازار اندر شہر پشاور کے جنرل سیکرٹری احسن علی نے پریس کانفرنس میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان دو افراد کی بحفاظت رہائی نہیں کی جاتی تو احتجاج کا دائرہ کار پورے صوبے اور پھر ملک بھر تک پھیلایا جائے گا،اس کے بعد تاجر برادری حکومت کو ہر قسم کے ٹیکس دینا بند کرے گی کیونکہ ٹیکسز ہم دیتے ہیں اور ہمارے ہی ٹیکسز سے ملک چل رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم ٹیکس دیتے ہیں اور ہمیں ہی نشانہ بنایا جا رہا ہے، ہم نہ ہنڈی کا کاروبار کرتے ہیں نہ ہی سمگلنگ، اپنے بچوں کیلئے حلال رزق کماتے ہیں لیکن کچھ لوگوں سے یہ برداشت نہیں ہو رہا، ایسے عناصر صرافہ بازار کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں کہ یہ بازار ہی بند ہو جائے لیکن ہمیں کمزور نہ سمجھا جائے، ہم اپنے حق کیلئے لڑنا جانتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بغیر کسی شرط کے ظاہر شاہ اور اویس شاہ کو فوری طور پر رہا کیا جائے کیونکہ وہ کاروباری شخص ہے کوئی دہشت گرد نہیں۔
پریس کانفرنس میں صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے صوبائی جنرل سیکرٹری فیاض تاج نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دونوں مغوی افراد کو رہا کیا جائے جبکہ چادر اور چار دیواری کی پامالی کرنے والے افراد کے خلاف کاروائی کی جائے، اگر ظاہر شاہ اوراویس شاہ کو رہا نہیں کیا جاتا تو ہم پُرامن احتجاج کا ایسا راستہ ا ختیار کرینگے کہ حکومت اپنے کئے پر نادم ہو گی۔ پریس کانفرنس کے شرکاء نے پریس کلب کے باہر دونوں اشخاص کی فی الفور رہائی کے لئے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔
![]()