تحریک انصاف حکومت 13 سال سے کرپشن کی گنگا میں ہاتھ دھو رہی ہے، صوبہ بدانتظامی کی نذر ہو چکا، صابر حسین اعوان
شہر کے باسیوں کیساتھ مل کر پشاور کا حق لیں گے، کرپشن صرف پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے، کاشف اعظم
تعلیمی اداروں کی نجکاری کے فیصلے کئے جا رہے ہیں جو ایک افسوسناک عمل ہے،حافظ حشمت
پشاور(مدثر زیب سے) خیبرپختونخوا حکومت کی کرپشن، نااہلی، بدامنی، بدانتظامی کیخلاف جماعت اسلامی نے ”حق دو پشاورکو“ تحریک کا آغازکر دیا۔ اس حوالے سے پشاور پریس کلب میں جماعت اسلامی کے سابق ممبر قومی اسمبلی صابر حسین اعوان، سابق صوبائی وزیر کاشف اعظم چشتی اور سابق صوبائی وزیرحافظ حشمت خان نے پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں سابق ممبر قومی اسمبلی صابر حسین اعوان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی مبینہ کرپشن، نااہلی اور بیڈ گورننس کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے اور ”حق دو پشاور کو“ کے نام سے تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔صابر حسین عوان نے کہا کہ تحریک انصاف 13 سال سے حکومت میں ہے اس دوران صوبہ میں دہشت گردی عروج پر رہی، نااہلی، بد انتظامی، بدامنی، کرپشن کے باعث صوبہ لوٹ مار کی مثال بن چکا لیکن تحریک انصاف کی کسی حکومت نے پشاور کی ترقی کی طرف توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ اس لوٹ مار اور کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی نے ”حق دو پشاور کو“ کے نام سے تحریک شروع کی ہے جس کیلئے این سی اور وی سی کی سطح پر کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جبکہ ممبران کی رجسٹریشن بھی مکمل کر لی گئی ہے، علاوہ ازیں ڈیجیٹل سیل اور ریسرچ ٹیم کا قیام بھی عمل میں لا رہے ہیں جو ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے تحریک انصاف کی 13 سالہ حکومت میں ہونے والی کرپشن،لوٹ مار کے تمام ثبوت اکٹھے کر کے عوام کے سامنے رکھیں گے اور حکمرانوں کو مجبور کیا جائے گا کہ وہ عوام کی لوٹی ہوئی دولت پہلے خزانوں میں جمع کرے اور پھر پشاور پر لگا کر پشاور کو پھولوں کا شہر دوبارہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ”پشاور کو حق دو“ تحریک میں شہر کے تمام سٹیک ہولڈرز،شہر کے باسیوں کے ساتھ مل کر پشاور کا حق لیں گے جبکہ 18 جنوری کو عوامی کمیٹیوں کے کنونشن میں لائن آف ایکشن کا اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے گزشتہ 13 سالوں میں این ایف سی اور ٹیکسز کی مد میں جو رقم وصول کی ہے اس کا کوئی ریکارڈ نہیں۔پریس کانفرنس سے اپنے خطاب میں سابق صوبائی وزیر کاشف اعظم نے کہا کہ کرپشن صرف پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے جس میں پارٹی نے خوب ہاتھ دھوئے۔ آج صوبے کا کوئی ایسا ادارہ نہیں جس میں کرپشن عروج پر نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں ٹرانسفر اور بھرتیوں کے نام پر لوٹ مار جاری ہے، ڈی سی پشاور کی نگرانی میں زمینوں کے انتقالات پر فی مرحلہ کے حساب سے لاکھوں روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔کاشف اعظم کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں کرپشن، لوٹ مار، موبائل سنیچنگ اور بدامنی پشاور کا مقدر بن چکی۔ سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت کا پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے 13 سالہ دورِ حکومت میں تعلیمی اداروں سے کھلواڑ کیا گیا جس کی زندہ مثال ملاکنڈ یونیورسٹی ہے جہاں پر ایک طالب علم نے بھی داخلہ نہیں لیا جبکہ اربوں روپے کی کرپشن تاحال جاری ہے۔علاوہ ازیں تعلیمی اداروں کی نجکاری کے فیصلے بھی کئے جا رہے ہیں جو ایک افسوسناک عمل ہے۔
![]()