وفاقی اور صوبائی حکومت این جی اوز کو کرم آنے کی اجازت دی جائے، مولانا شاہنواز


پشاور(مدثرزیب سے) اقوام اہلسنت ضلع کرم کے نمائندہ وفد نے مولانا شاہنواز کی سرکردگی میں پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے سنٹرل کرم میں آپریشن جاری ہے جس میں ساڑھے تین لاکھ کی آبادی شدید مشکلات کا شکار ہے۔ مولانا شاہنواز نے کہا کہ سنٹرل کرم کے علاقہ عوام کو مسلسل ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے جبکہ مکینوں سے رہائشی آبادیاں خالی کرائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب ضم اضلاع بالخصوص کرم کے باہمی تنازعات اور آپریشن کے حالات چل رہے ہیں تو دوسری جانب حکومت ریلوے ٹریک کے نام پر سیاست کر کے اسے مناسب اور موزوں راستے سے ہٹا کر متنازعہ زمین پر بچھانے کی کوشش کررہے ہیں جس کے خلاف ہم مزاحمت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دورانِ رجسٹریشن نادرا کی جانب سے مختلف وجوہات کی بناء پر متعدد متاثرین رجسٹریشن وسرکاری امداد سے تاحال محروم ہیں، ان کا ریکارڈ درست کیا جائے تاکہ یہ بھی امداد میں شامل ہو سکیں۔ انہوں نے اقوام اہلسنت ضلع کرم کی جانب سے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبات کرتے ہوئے کہا کہ سنٹرل کرم کے تمام علاقوں کو بدامنی سے کلیئر کرنے پاک فوج، ایف سی اور پولیس تعینات کی جائے تاکہ آئندہ کرم کی سرزمین افغانستان کے اشاروں پر بدامنی کے لیے استعمال نہ ہو سکے۔سنٹرل کرم کے وہ علاقے جو بدامنی سے دور ہیں ان کے مکینوں کو علاقے میں واپس لایا جائے۔سنٹرل کرم کے متاثرین سرد موسم اور برف باری کے دوران در بدر ہیں جبکہ رمضان بھی آنے والا ہے لہٰذا ان افراد کو اپنے گاؤں اور مکانات واپس کیے جائیں تاکہ برفباری میں ان کے مکانات مسمار نہ ہوں۔ سنٹرل کرم کے وہ علاقے جہاں سے لوگ کوچ کر چکے اور علاقہ مکمل طور پر خالی ہے وہاں سرکاری رٹ کا قیام ہونا چاہئے۔مولانا شاہنواز نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت این جی اوز کو کرم آنے کی اجازت دے تاکہ کرم کے عوام کی خدمت ہو سکے۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے