جنوبی وزیرستان (گوہر ترین)
انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (ساؤتھ) میجر جنرل مہر عمر خان نیازی نے تحصیل توئی خلہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی قبائل، نوجوانوں، عمائدین، تاجران اور دکانداروں سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔
دورے کے دوران آئی جی ایف سی نے توئی خلہ بازار کا معائنہ کیا اور مقامی عوام میں گھل مل کر روزمرہ درپیش مسائل، کاروباری سرگرمیوں اور علاقے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ مقامی تاجران اور دکانداروں نے بازار سے متعلق مسائل اور بنیادی سہولیات کی کمی سے آگاہ کیا، جس پر آئی جی ایف سی نے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر دوتانی قبائل کی جانب سے علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے کیے گئے تعاون کو سراہتے ہوئے میجر جنرل مہر عمر خان نیازی نے کہا کہ قبائل اور سیکیورٹی فورسز کے باہمی تعاون سے ہی پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے قبائلی روایات، بھائی چارے اور اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کو خطے کے استحکام کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔
آئی جی ایف سی نے نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے، تعلیم حاصل کرنے اور روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان علاقے کا روشن مستقبل ہیں، اور ان کی رہنمائی و شمولیت سے ترقی اور امن کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو سکتا ہے۔
مقامی عوام نے فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (ساؤتھ) کی جانب سے علاقے میں امن، سماجی ہم آہنگی اور عوامی رابطے کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو سراہا اور آئندہ بھی مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دورے کے اختتام پر آئی جی ایف سی نے کہا کہ فرنٹیئر کور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ علاقے کی سماجی اور معاشی بہتری کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے