خیبر پختونخوا کے 200 سے زائد افراد کو جے ایم 91 مارکیٹنگ نے انویسٹمنٹ اور فائلوں کے نام پر لوٹا، متاثرین
78 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے محروم ہونے والوں میں بزرگ خواتین اور بیوائیں بھی شامل ہیں، متاثرین کی پریس کانفرنس
پشاور(نیوز رپورٹر) مال آف کے پی کے میں قائم کمپنی نے خیبر پختونخوا کے 200 سے زائد بزرگ وخواتین اور نوجوانوں کو انویسٹمنٹ کے نام پر 78 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے محروم کر دیا۔ جے ایم 91 انویسٹمنٹ کمپنی کے فراڈ کا شکار ہونے والے متاثرین کے سربراہ عابد خٹک،ارباب اسماعیل اور مرتضی امان نے متاثرین کے ہمراہ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ تھانہ تہکال بالا کی حدود میں واقع جے ایم مارکیٹنگ کمپنی جو پہلے جے اے مارکیٹنگ کے نام سے منسوب تھی نے 2023 سے 2025 تک ہم سے منافع کے نام پر 78 کروڑ روپے بٹورے،چند ماہ انہوں نے متاثرین کو پورا منافع دیا مگر اچانک جے اے مارکیٹنگ کے سربراہ اور رقم بٹورنے والے جواد حسین اور ان کے بھائی صہید گل جو چارسدہ کے ڈھکی میرا آباد کے رہائشی ہیں اور ان کے پارٹنر محمد عامر اچانک سکرین سے غائب ہو گئے اور اب کچھ ماہ قبل جواد حسین، صہید گل اور عامر نے متاثرین سے رابطہ کیا اور ان سے دوبارہ رقم کا مطالبہ کیا اور کہا کہ میں نے چارسدہ میں غنی خان روڈ پٹکی چوک میں ہم نے ایک نئے پروجیکٹ کا آغاز کیا ہے اور آپ مزید رقم پہنچا دیں اور کچھ عرصے بعد اپ کو پرانی رقم کے ساتھ منافع دیا جائے گا۔متاثرین کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں انہوں نے 200 سے زائد افراد کو فراڈ کا شکار کرنے والے جواد حسین اور ان کے ساتھیوں کے خلاف تھانہ تہکال بالا جس کی حدود میں مال آف کے پی کے میں جواد حسین کا آفس بھی ہے میں رپورٹ درج کرائی اور پولیس کو تمام ثبوت بھی فراہم کیے مزید وہ ایگریمنٹ جس کے ذریعے عوام کو لوٹا گیا وہ بھی تھانے کو فراہم کیے لیکن متعلقہ تھانہ ابھی تک خاموش ہے اور جواد حسین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔ اس سلسلے میں سٹیزن پورٹل پر بھی 50 سے زائد درخواستیں دے چکے ہیں لیکن ہمیں ابھی تک انصاف نہیں مل رہا نہ ہی فراڈیوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ متاثرین نے مزید کہا کہ جواد حسین پر کئی جرگے بھی کیے جرگوں میں وہ اپنے ساتھ چارسدہ کے باثر افراد کو اسلحہ سمیت لا کر مشران کو اپنی سپورٹ کرنے پر مجبور کرتا ہے اور متاثرین کو دیوار سے لگانے کی کوشش کرتا ہے جس کا صاف مطلب ہے کہ وہ ہمیں ہماری جمع پونجی واپس نہیں کرتا۔ متاثرین نے کہا کہ اب 78 کروڑ روپے کی رقم ہڑپ کر کے جواد حسین دھمکیوں پر اتر آیا ہے لہٰذا ہماری وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور چیف سیکرٹری،نیب اور آئی جی پولیس سے اپیل ہے کہ ہم سے انویسٹمنٹ کے نام پر لوٹ مار کرنے والے چار سدہ کے رہائشی جواد حسین،اس کے بھائی صہید گل اور عامر کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے اور ان سے ہماری جمع پونجی لے کر ہمارے حوالے کی جائے اور ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔

![]()