میران بلاک کے شیئرز کی منتقلی کی تقریب، تقریباً 22 ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع

پشاور: وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت میران بلاک کے شیئرز کی پارٹنر اداروں کو منتقلی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر ریاض خان، معاونِ خصوصی شفیع جان، اراکینِ قومی اسمبلی شہریار آفریدی، شاہد خٹک، ممبران صوبائی اسمبلی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ میران بلاک کے 49 فیصد شیئرز او جی ڈی سی ایل کو منتقل کر دیے گئے ہیں، جبکہ 51 فیصد شیئرز کے پی او جی ڈی سی ایل کے پاس رہیں گے۔ میران بلاک کنسورشیم کی قیادت او جی ڈی سی ایل کرے گا، جبکہ جی ایچ پی ایل اور پی پی ایل بطور شراکت دار شامل ہوں گے۔ بریفنگ کے مطابق کنسورشیم کے تحت کے پی او جی ڈی سی ایل کے حصے کے 51 فیصد شیئرز کی سرمایہ کاری بھی فراہم کی جائے گی، جس کے نتیجے میں صوبے میں تقریباً 22 ارب روپے کی سرمایہ کاری آئی ہے۔ اس معاہدے سے صوبائی حکومت اور کے پی او جی ڈی سی ایل کو 12 ارب روپے کی نمایاں بچت ہوگی۔

وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ منصوبہ خیبر پختونخوا میں تیل و گیس کی تلاش و دریافت کے نئے دور کی بنیاد ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرتی وسائل پر پہلا حق مقامی آبادی کا ہے، اور حکومتی فیصلے اسی ترجیح کو مدنظر رکھ کر کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تیل و گیس کی دریافت سے مقامی روزگار، کاروبار اور صنعتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا توانائی کے شعبے میں خود کفالت اور آمدنی کے نئے ذرائع کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے اور امن و امان کے قیام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے منصوبوں پر غیر معمولی رفتار سے کام جاری ہے، جبکہ صنعتی و تجارتی شعبے کے فروغ کے لیے بھی صوبائی حکومت بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے