بعض واٹس ایپ گروپس میں پولیس مونوگرام کے استعمال کا انکشاف،جعلی صحافی بن کر افسران کو دباؤ میں لانے کی کوشش کرتے رہے

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے واضح اور دو ٹوک انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کے نام سے سوشل میڈیا پر موجود تمام فیک اکاؤنٹس فوری طور پر ختم کیے جائیں، بصورت دیگر ایسے اکاؤنٹس چلانے والے افراد اور ایڈمنز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

پولیس ذرائع کے مطابق پشاور میں کچھ جرائم پیشہ عناصر اور ان کے سہولت کار مختلف واٹس ایپ گروپس بنا کر خطرناک افراد کو شامل کرتے ہیں، جو بعد میں انہی پلیٹ فارمز کا استعمال پولیس کے اعلیٰ افسران کے خلاف من گھڑت خبریں پھیلانے اور کردار کشی کے لیے کرتے ہیں۔مزید یہ کہ بعض گروپس میں پولیس کا مونوگرام استعمال کیا جا رہا تھا اور چند افراد جعلی صحافی بن کر ایس ایچ اوز اور دیگر افسران کو دھمکانے یا دباؤ میں لانے کی کوشش کرتے رہے۔ یہ لوگ دو نمبر چینلز، ڈمی اخبارات اور جعلی پریس کارڈز کا سہارا لے کر پولیس کے لیے دردِ سر بنے ہوئے تھے۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل بھی پشاور پولیس نے ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں کی تھیں اور اب ایک بار پھر اعلیٰ سطح پر سخت نوٹس لے لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ:”جرائم پیشہ افراد کی سہولت کاری کرنے والوں، فیک اکاؤنٹس چلانے والوں اور جعلی صحافی بن کر پولیس کو بلیک میل کرنے والوں کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی کی جائے گی“۔پشاور پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے فیک اکاؤنٹس، مشکوک واٹس ایپ گروپس اور جعلی صحافیوں کی نشاندہی کریں تاکہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے موثر کارروائی کی جا سکے۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے