چائنیز شہری مبینہ طور پر گولڑہ میں واقع جھگیوں میں داخل ہوئے اور خواتین کو پیسے دکھا کر خریدنے کی کوشش کی، عینی شاہدین

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) تھانہ گولڑہ کی حدود میں پیش آنے والا سنگین واقعہ علاقے میں شدید تشویش کا باعث بن گیا، جہاں سات چائنیز شہری مبینہ طور پر جھگیوں میں داخل ہوئے اور خواتین کو پیسے دکھا کر خریدنے کی کوشش کی۔ واقعہ سامنے آتے ہی علاقہ مکین مشتعل ہو گئے۔عینی شاہدین کے مطابق غیر ملکی شہری جھگیوں میں گھس کر مقامی خواتین کو مبینہ طور پر رقم کی پیشکش کرتے رہے۔ جیسے ہی خواتین نے شور مچایا، ان کے خاوند اور قریبی رشتہ دار فوری طور پر جمع ہو گئے اور چائنیز شہریوں کی درگت بنا ڈالی۔واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ تھانہ گولڑہ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور مشتعل ہجوم سے غیر ملکی شہریوں کو نکال کر حراست میں لے لیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی تاکہ مزید کسی ناخوشگوار صورتحال کو روکا جا سکے۔مدعی محمد خان کی درخواست پر سات چائنیز شہریوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں خواتین کو مبینہ طور پر رقم کے ذریعے بہکانے، غیرقانونی طور پر نجی جگہ میں داخل ہونے اور امن عامہ میں خلل ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں،چائنیز شہریوں کے اصل مقاصد کا تعین کیا جا رہا ہے،اور اگر مزید شواہد ملے تو مزید دفعات بھی شامل کی جا سکتی ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات سے نہ صرف خواتین کی عزت و تحفظ متاثر ہوتا ہے بلکہ علاقائی امن بھی خطرے میں پڑتا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ غیر ملکیوں کی حرکات و سکنات پر سخت نگرانی رکھی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔
![]()