شہریوں کے لیے بہترین اور تیز ترین سروس ڈیلیوری خیبر پختونخوا پولیس کی اولین ترجیح ہے، تقریب سے خطاب
مروت قوم نے ہمیشہ پولیس کا ساتھ دے کر خطے میں امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ، مشران کو خراج تحسین

لکی مروت( نمائندہ خیبرنامہ) آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے صوبے میں پولیس انفراسٹرکچر کی بحالی ،توسیع اور جدید خطوط پر تعمیر نو کے منصوبے کے تحت نئے قائم شدہ لکی مروت سٹی پولیس سٹیشن کا افتتاح کیا۔ تقریب کے دوران انہیں تھانے کے ڈھانچے، جدید سہولیات اور عوام کے لیے قائم کردہ دیگر سہولیات پر بریفنگ دی گئی۔آئی جی پی نے تھانے کو عوام دوست اورجدید طرز کا ماڈل تھانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے لیے بہترین اور تیز ترین سروس ڈیلیوری خیبر پختونخوا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ بہترین انفراسٹرکچر پر مبنی ماڈل تھانہ کی تعمیر نو اہلیان لکی مروت کے لئے ایک سنگِ میل ہے ۔ آئی جی پی ذوالفقار حمید نے ضلع لکی مروت کے علاقائی مشران کے ساتھ ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے قیامِ امن میں مروت قوم کے مثبت اور تاریخی کردار کو سراہا۔ آئی جی پی نے مشران کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مروت قوم نے ہمیشہ پولیس کا ساتھ دے کر خطے میں امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ علاقہ مشران نے پولیس کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف بہادری اور قربانیوں کو سراہا اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر لکی مروت بھی موجود تھے۔آئی جی پی نے پولیس لائنز میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر آئی جی پی خیبرپختونخوا نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے قیام اور اس کی تکمیل کو صوبے کی سیکیورٹی کے حوالے سے اہم قرار دیا اور سیف سٹی پراجیکٹ پر کام کی رفتار کا جائزہ بھی لیا۔ آئی جی پی نے کہا کہ پشاور کیساتھ ساتھ بنوں،ڈیرہ اسماعیل خان ،کوہاٹ ،کرک، ٹانک اور شمالی وزیرستان جیسے اہم اضلاع میں لکی مروت بھی شامل ہے۔ جس میں سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت کیمروں کی تنصیب اور کنٹرول روم کے قیام پر کام تیزی سے جاری ہے۔قبل ازیں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے لکی مروت پہنچنے پر آر پی او بنوں ریجن سجاد خان اور ڈی پی او لکی مروت نذیر خان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔آئی جی خیبرپختونخوا نے یادگارِ شہداپر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداکے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

Loading

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے