
اسلام آباد (رپورٹ: فیصل آفریدی)شادی بیاہ کی تقریبات میں بڑھتی ہوئی ہوائی فائرنگ کے واقعات پر پشاور پولیس نے سخت قدم اٹھاتے ہوئے ایسے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں شادیوں میں ہوائی فائرنگ کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے جن سے شہر میں خوف و ہراس پھیلا اور قیمتی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہوئے۔متھرا پولیس سٹیشن کی جانب سے خصوصی اقدامات کرتے ہوئے مساجد میں اعلانات کروا ئے گئے کہ جو بھی شخص شادی میں ہوائی فائرنگ کرے گا، اسے موقع پر گرفتار کیا جائے گا جبکہ دولہا اور اس کے والد دونوں کو سیدھا حوالات منتقل کیا جائے گا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک حالیہ کیس میں شادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کرنے والے دولہا کی گرفتاری کے احکامات بھی جاری کر دئیے گئے ہیں، جس سے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ اس خطرناک عمل کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔شہری حلقوں نے پشاور پولیس کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ کے باعث درجنوں افراد پہلے بھی جاں بحق یا زخمی ہو چکے، اس لیے سخت کارروائی وقت کی ضرورت ہے۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کی بروقت اطلاع دیں تاکہ شہر میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔
![]()