


پشاور (سپورٹس رپورٹر) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا ہے کہ دارالحکومت پشاور کی بہتری، منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور گداگری کے خاتمے کے لیے ایک جامع پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس میں میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے یہ بات جمخانہ کرکٹ کلب میں پشاور پریس کلب کے زیراہتمام آر ایم آئی میڈیا کرکٹ لیگ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صدر پشاور پریس کلب ایم ریاض، جنرل سیکرٹری طیب عثمان، سینئر صحافی شمیم شاہد، چیئرمین اسپورٹس کمیٹی عرفان موسیٰ زئی سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب کے آغاز میں صدر پشاور پریس کلب ایم ریاض نے کمشنر ریاض خان محسود کا خیرمقدم کیا اور شہر میں تجاوزات کے خاتمے، منشیات سے متاثرہ افراد کی بحالی، گداگری کی روک تھام اور فلاحی اقدامات پر کمشنر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
آر ایم آئی میڈیا کرکٹ لیگ کے دوسرے روز جمخانہ کرکٹ گراؤنڈ میں چار میچز کھیلے گئے جن میں پی پی سی پینتھرز، ڈولفن، شاہین اور اسٹارز نے کامیابی حاصل کی۔ پہلے میچ میں پی پی سی پینتھرز نے پی پی سی پختونز کو 62 رنز سے شکست دی۔ دوسرے میچ میں پی پی سی ڈولفن نے پی پی سی بلز کو 18 رنز سے ہرایا۔ تیسرے میچ میں پی پی سی شاہین نے پی پی سی درویش کو 65 رنز سے مات دی، جبکہ آخری میچ میں پی پی سی اسٹارز نے پی پی سی اسپائڈر کو با آسانی شکست دی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور صحافی معاشرے کی آواز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کام کے دباؤ کے باوجود میڈیا ورکرز کا کھیلوں میں حصہ لینا قابل تحسین ہے کیونکہ موجودہ دور میں جسمانی ورزش اور صحت مند سرگرمیوں کے لیے وقت نکالنا نہایت ضروری ہے۔
کمشنر ریاض خان محسود نے اعلان کیا کہ پشاور کی ضلعی انتظامیہ صحافی برادری کے لیے مزید اسپورٹس اور تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کرے گی۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے اور پشاور پریس کلب کے لیے اپنی جانب سے ایک لاکھ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔
![]()