باڑہ (خیال مت شاہ آفریدی) ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں سپاہ پریمیئر لیگ (SPL) کے پانچویں ایڈیشن کا رنگا رنگ افتتاح سپین قبر سپورٹس گراؤنڈ میں منعقد ہوا، جہاں مقامی عمائدین، سپانسرز، منتظمین، کھلاڑیوں اور شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد علاقے میں کھیلوں کے فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا۔
افتتاحی تقریب میں لیگ کے مرکزی سپانسرز، السید مارکیٹنگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیرعلی خان اور ایم ایم سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمود خان سمیت مختلف سماجی و عوامی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر خدمتِ خلق ویلفیئر سوسائٹی کے سپورٹس انچارج اور ویلج چیئرمین رحمان اللہ، تراب علی خان، سپاہ پریمیئر لیگ کے آرگنائزر سعود خان آفریدی، انتظامی کمیٹی کے اراکین محمد اللہ، عثمان خان، ابرار، ثمین خان اور واقف خان بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خدمتِ خلق ویلفیئر سوسائٹی کے نمائندے تراب علی خان نے لیگ کی سرپرستی کرنے والے سپانسرز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے تعاون سے قوم سپاہ کے نوجوانوں اور کھیلوں کے شائقین کو صحت مند تفریح اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع میسر آیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ خدمتِ خلق ویلفیئر سوسائٹی مستقبل میں بھی کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
مہمانِ خصوصی شیرعلی خان آفریدی اور انجینئر محمود خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ میں حصہ لینا معاشرتی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ باڑہ اور اس کے گردونواح میں کرکٹ کے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جنہیں مناسب مواقع اور سرپرستی فراہم کرکے قومی سطح تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صاحبِ حیثیت افراد کو نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر تعاون کرنا چاہیے تاکہ نئی نسل کو تعمیری مصروفیات کی جانب راغب کیا جا سکے۔
تقریب کے دوران السید مارکیٹنگ کے سی ای او شیرعلی خان نے سپاہ پریمیئر لیگ انتظامیہ کے لیے 20 ہزار روپے جبکہ ایم ایم سی کے سی ای او انجینئر محمود خان نے 30 ہزار روپے نقد امداد کا اعلان کیا۔ شرکاء نے اس اقدام کو لیگ کے کامیاب انعقاد اور مقامی کھیلوں کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔
افتتاحی میچ کے اختتام پر مہمانوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد نے میچ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے لیگ کے انعقاد کو علاقے میں مثبت اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔
سپاہ پریمیئر لیگ گزشتہ چند برسوں سے باڑہ میں کرکٹ کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ مقامی سطح پر ایسے مقابلے نہ صرف کھیلوں کی ترقی میں معاون ثابت ہوتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
مقامی عوام اور کھیلوں کے حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ سپاہ پریمیئر لیگ کا پانچواں ایڈیشن نوجوان کھلاڑیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا اور مستقبل میں علاقے سے مزید باصلاحیت کرکٹرز سامنے آئیں گے۔

Loading

Related Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *