4 روز قبل لاپتہ ہونے والے صرافہ بازار کے مشہور و معروف صراف ظاہر شاہ چار روز بعد گھر واپس پہنچ گئے

پشاور(مدثر زیب سے) پشاور کے پوش علاقہ گلبہار سے چار روز قبل اغواء ہونے والے اندر شہر بازار پشاور کے معروف صراف ظاہر شاہ، اویس شاہ بحفاظت گھر پہنچ گئے۔ صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن اندر شہر کے جنرل سیکرٹری احسن علی نے بازیاب ہونے والے باپ بیٹا ظاہر شاہ،اویس شاہ اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ حاجی ظاہر شاہ نے افغانستان سے سمگل ہونے والی چاندی ایک ایسے شخص سے خریدی جسے وہ نہیں جانتے تھے۔ اسی غلط فہمی کی بناء ان کو پوچھ گچھ کے لئے لے جایا گیا، بعدازاں ان کی بے گناہی ثابت ہونے پر انہیں رہا کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اداروں کے مشکور ہیں جنہوں نے واقعات کو دیکھتے ہوئے تحقیقات کے بعد انہیں رہا کر دیا،ہم نے ایسے عناصر کی نشاندہی بھی اداروں کو کروائی ہے جو سمگلنگ میں ملوث تھے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں احسن علی نے بتایا کہ احتجاج کے دوران کچھ ناپسندیدہ نعرہ لگائے گئے جس کی ہم معذرت چاہتے ہیں۔انہوں نے تسلیم کیا کہ حاجی ظاہر شاہ سے کاروبار میں غلطی ہوئی لیکن انہیں معلوم نہ تھا کہ یہ چاندی سمگل شدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اداروں نے ہمارے ساتھ تعاون کیا اور باپ بیٹے کی رہائی ممکن ہو پائی۔ سیکرٹری جنرل احسن علی کا مزید کہنا تھا کہ صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کا نصب العین ہے کہ کسی غلط شخص کی طرفداری نہیں کرے گی اور ہر اس شخص کے ساتھ کھڑی ہوگی جو حق پر ہو گا۔

یاد رہے کہ صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن اندر شہر پشاور اورتاجر تنظیموں نے صوبہ بھر میں حاجی ظاہرشاہ کی برآمدگی کے لیے احتجاجی مہم شروع کر رکھی تھی۔ اس حوالے سے انہوں نے سی سی پی او پشاور سے بھی ملاقات کی تھی اورا نہیں تاجر برادری کے تحفظات سے بھی آگاہ کیا تھا۔

حاجی ظاہر شاہ اور اویس شاہ کی بحفاظت بازیابی پر صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر اورنگزیب خان، صرافہ اینڈ جیولرز صوبائی صدر امین حسین بابر،تنظیم تاجران خیبرپختونخوا کے صدر ملک مہر الٰہی،پشاور چیمبر آف کامرس کے صدر شکیل احمد، ترجمان شہزاد احمد صدیقی اور صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے تمام عہدیداران نے سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد، ایس پی سٹی عدنان شاہد، ڈی ایس پی احمد رشید اور ان کی پوری ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ تحقیقات اور تفتیش مکمل کی اور تاجر برادری کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔پریس کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تاجر برادری اپنے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ متحد رہے گی اور کسی بھی ناانصافی کے خلاف بھرپور آواز بلند کرتی رہے گی۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے