پشاور (نیوزرپورٹر) پروونشل نرسنگ ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے صدر عنایت الحق، جنرل سیکرٹری میڈم انور سلطانہ، چیئرمین ڈسٹرکٹ نرسنگ ایسوسی ایشن باجوڑ نیک محمد، ینگ نرسنگ ایسوسی ایشن کے صدر سید حیدر شاہ،محترمہ کوثر نیاز، ڈاکٹر بی بی سلطانیہ،نرسنگ کالجز کے پرنسپلز، سینئر فیکلٹی ممبران اور سینئر نرسنگ آفیسرز نے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں سیکرٹری ہیلتھ کے دفتر کے سامنے مطالبات کے حق میں دھرنا دیا۔ اس موقع پر نرسنگ نمائندگان نے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے سامنے دو ٹوک موقف پیش کیا۔

شرکاء نے نشاندہی کی کہ گزشتہ ایک سال سے نرسنگ سے متعلق ہماری سفارشات تاخیر کا شکار ہیں، جن میں نرسنگ ڈائریکٹوریٹ کا قیام، پبلک سروس کمیشن میں نئی منظور شدہ آسامیوں کی بھرتی شامل ہے جو گزشتہ دو سے تین سال سے زیرالتواء ہے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ چونکہ نرسنگ کا پیشہ صحت عامہ کے نظام اور سول سروس کا لازمی اور آئینی طور پر تسلیم شدہ حصہ ہے اس لئے اس کی موثر اور پیشہ ورانہ نگرانی، پالیسی سازی، اور ترقی کے مواقع کی فراہمی ریاست کی قانونی ذمہ داری ہے۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ پروونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے نرسز کے سروس رولز کے لیے ایک خود ساختہ کمیٹی کی تشکیل کی گئی ہے جس کی ہم متفقہ طور پر مذمت اور مخالفت کرتے ہیں کیونکہ یہ ان کے دائرہ اختیار میں شامل ہی نہیں ہے۔شرکاء کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے 21 جنوری کو دن دو بجے تمام نرسنگ سٹیک ہولڈرز اور لیڈرز دوبارہ سیکرٹری ہیلتھ کے دفتر کے سامنے جمع ہونگے اوراپنی سفارشات کو منظم میکنزم کے تحت آگے بڑھائیں گے۔
![]()