اہلکار نے جائیداد پر قبضہ کیا جبکہ وکیل مختلف سٹامپ پیپرز پر انگوٹھے لگوا کر بیٹے کی جائیداد پر قابض ہو گیا
قبضہ مافیا جینے نہیں دے رہی،آئے روز قتل اور اغوا کی دھمکیاں مل رہی ہیں،خاتون عابدہ علی کی پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس
پشاور(مدثر زیب) پشاور کے تھانہ کوتوالی کی حدود میں واقع مسلم مینا بازار کی رہائشی خاتون عابدہ علی پولیس اہلکار، وکیل اور قبضہ مافیا کے خلاف فریاد لے کر پریس کلب پہنچ گئیں۔ اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کی تفصیل بتاتے ہوئے خاتون عابدہ علی زوجہ غالب عباس نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے شوہر غالب عباس کی فوتگی کے بعد ہمارے کرائے داروں جس میں پولیس اہلکار شاہد علی شامل ہے نے ان کی جائیداد پر قبضہ کر لیا۔اس حوالے سے جب میں نے عدالت سے رجوع کیا تو ہمارے اپنے وکیل طارق ہوتی نے فراڈ کے ذریعے جعلی سٹامپ پیپرز پر انگوٹھے لگوا کر ان کے بیٹے کی جائیداد واقع چمکنی پر قبضہ کر لیا اور اب مارکیٹ جس پر شاہد علی نے قبضہ کیا ہوا ہے کے ساتھ شریک ہو کر مزید قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ عابدہ علی نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے وکیل طارق ہوتی نے کہا کہ یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا لہٰذا آپ جائیداد کا قبضہ ہمیں دے دیں اور بدلے میں ہم سے پلاٹ لے لیں۔ اس حوالے سے جب ہم نے حامی بھری تو ہمیں کوہاٹ روڈ پر کسی اور کا پلاٹ دکھایا گیا اس کے بعد نہ ہی کاغذات دئیے گئے اور نہ ہی پلاٹ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وکیل طارق ہوتی آج بھی میرے گھر کا حصہ مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عدالت نے بھی جائیداد کے متعلق تمام کیسز کے فیصلے ہمارے حق میں دیئے ہیں لیکن ہمیں انصاف نہیں مل رہا اور اب بھی ان کی جائیداد پر شاہد علی نامی پولیس اہلکار قابض ہے جس نے دکانوں کی دیواریں گرا کر ایک دکان بنا لی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب بھی ہم اپنی مارکیٹ کی طرف جاتے ہیں تو ہمیں آتشیں اسلحہ سے ڈرایا دھمکایا جاتا ہے،جائیداد کے مین گیٹ پر قابضین نے تالا ڈال رکھا ہے۔ انہوں نے آئی جی خیبر پختونخوا اور سی سی پی پشاور سے اپیل کی کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے کیونکہ وہ بیوہ عورت ہے اور وہ اسی مارکیٹ کے کرائے پر گزر بسر کر رہی ہے لیکن قبضہ مافیا انہیں جینے نہیں دے رہی اور انہیں آئے روز قتل اور اغوا کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے سابق وکیل طارق ہوتی اب انہیں مارکیٹ اور گھر خالی کرنے کا کہہ رہے ہیں جس کے لیے انہوں نے فراڈ کے ذریعے مجھ سے مختلف سٹامپ پیپرز پر انگوٹھے لگوائے ہوئے ہیں کیونکہ وہ میرے وکیل تھے اور میں مختلف سٹام پر عدالت کے کیسز میں سائن اور دستخط کر چکی ہوں جس کا وہ ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے اب ہمیں بلیک میل کر رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وکیل ہمیں دھمکیاں دے رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ اگر آپ نے ہمیں جائیداد کا قبضہ نہ دیا تو آپ کے بیٹے کی نوکری ختم کر دی جائے گی۔

![]()