پولیس اور میڈیا کا چولی دامن کا ساتھ ہے، مستقبل میں بھی بھرپور تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا، میاں سعید احمد
امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور شہر کی سکیورٹی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، صحافیوں سے گفتگو
پشاور(مدثر زیب) سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے پشاور پریس کلب کا دورہ کیا۔ صدر پشاور پریس کلب ایم ریاض، خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر کاشف الدین سید اور کابینہ نے اُن کا پُرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری پریس کلب طیب عثمان، خیبر یونین آف جرنلسٹس کے نائب صدر عمران ایاز، فنانس سیکرٹری احتشام خان، سینئر صحافی شمیم شاہد، عبدالغفار بیگ، افتخار حسین، مدثر زیب و دیگر صحافی بھی موجود تھے۔ سی سی پی او نے پریس کلب کے مختلف سیکشنزکا معائنہ کیا اور مجموعی سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر صدر پریس کلب ایم ریاض نے صحافیوں کو درپیش مسائل اور سیکورٹی امور سے آگاہ کیا اور امن و امان سے متعلق مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ سی سی پی او نے ان تجاویز کی تائید کرتے ہوئے صحافیوں کے مسائل کے فوری حل کے احکامات جاری کئے۔صدر پریس کلب ایم ریاض نے 2009ء میں پریس کلب پر ہونے والے خودکش حملے اور اس موقع پر پولیس اہلکار میاں ریاض کی بہادری کا تذکرہ کیا جس نے اپنی جان قربان کر کے کئی صحافیوں کی زندگیاں بچائیں۔ سی سی پی او نے اہلکار میاں ریاض سمیت خیبرپختونخوا پولیس کے تمام شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پولیس شہداء کی قربانیاں تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی۔سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد نے صحافیوں کی قربانیوں اور امن کے قیام میں ان کی خدمات کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ کیپٹل سٹی پولیس اور میڈیا کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور یہ تعاون آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پشاور پولیس امن و امان کے قیام اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پوری طرح سرگرم عمل ہے۔ جرائم پیشہ عناصر، قبضہ مافیا، سنیچرز، منشیات فروش اور معاشرتی بگاڑ پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں اور ایسے عناصر کے لیے پشاور میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور شہر کی سکیورٹی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔




![]()