اوپن ڈور پالیسی کے تحت ڈی آئی جی بنوں کی مختلف وفود سے ملاقات، عوامی مسائل کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری



ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس بنوں ریجن سجاد خان نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے بروقت حل، پولیس پر عوام کے اعتماد کی بحالی، اور فوری انصاف کی فراہمی بنوں ریجن پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس عوام کی خدمت کے لیے ہے، اور شہریوں کے مسائل کو سننا، ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔اوپن ڈور پالیسی کے تحت ڈی آئی جی بنوں نے اپنے دفتر میں مختلف وفود، سائلین، اور علاقائی مشران سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران شہریوں نے پولیس سے متعلق مختلف شکایات اور تجاویز پیش کیں، جنہیں ڈی آئی جی نے نہ صرف توجہ سے سنا بلکہ موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری ہدایات جاری کیں تاکہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔ڈی آئی جی سجاد خان نے کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنا ہے تاکہ شہری بلاخوف و جھجک اپنے مسائل براہِ راست اعلیٰ پولیس افسران کے سامنے رکھ سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کے دروازے عوام کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، اور ہر شہری کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنی شکایت یا مسئلہ براہِ راست اعلیٰ حکام تک پہنچائے۔علاقائی مشران اور وفود نے ڈی آئی جی بنوں کی اس عوام دوست پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے عوام کو پولیس تک براہِ راست رسائی حاصل ہوئی ہے، جس سے نہ صرف ان کے مسائل کے حل میں تیزی آئی ہے بلکہ پولیس پر عوام کا اعتماد بھی بحال ہوا ہے۔مشران کا کہنا تھا کہ سجاد خان کی ذاتی دلچسپی اور عوامی رابطہ پالیسی بنوں ریجن کے لیے ایک مثبت تبدیلی ثابت ہو رہی ہے۔ترجمان ریجنل پولیس آفیسر بنوں کے مطابق، اس طرح کے عوامی ملاقات سیشنز کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا تاکہ پولیس فورس اور عوام کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
![]()