

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس بنوں ریجن سجاد خان نے ممش خیل اور ممند خیل اقوام کے مشران و عمائدین کے ساتھ ڈی آئی جی آفس بنوں میں الگ الگ اہم جرگے منعقد کیے۔ ان جرگوں میں علاقائی امن و امان، مجموعی سیکیورٹی صورتحال، جرگہ سسٹم کے کردار اور پولیس و عوام کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ڈی آئی جی سجاد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس اور عوام کا مضبوط رشتہ پائیدار امن کی بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بنوں پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت متحرک ہے اور علاقائی امن کے استحکام کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جرگہ سسٹم مقامی روایات کے مطابق ایک مؤثر فورم ہے، جس کے ذریعے تنازعات کے حل، غلط فہمیوں کے خاتمے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیا جاتا ہے۔ اس نظام کی مضبوطی علاقائی امن کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
جرگوں میں شریک مشران نے بنوں پولیس کے اقدامات کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وہ علاقائی امن برقرار رکھنے اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔
![]()