
ٹانک(گوہر ترین) ٹانک میں سٹی پولیس نے اہم اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مساجد سے چوری کی گئی بیٹریاں، تین موٹر سائیکلیں اور مختلف وارداتوں کے دوران چھینی گئی نقد رقم برآمد کر لی۔ پولیس نے کارروائی کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران ڈی ایس پی سٹی عمران خٹک نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں مساجد سے بیٹری چوری ہونے، موٹر سائیکلیں چھیننے اور شہریوں سے نقد رقم لوٹنے کی متعدد شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ ان شکایات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے خفیہ اطلاع اور مربوط حکمت عملی کے تحت کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید اہم انکشافات کی توقع ہے اور ان سے دیگر وارداتوں کے حوالے سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔ برآمد شدہ موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اصل مالکان کے حوالے کر دیا گیا جبکہ نقد رقم بھی متاثرہ شہریوں کو واپس کر دی گئی۔
شہریوں نے سٹی پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے متعلقہ افسران کو خراج تحسین پیش کیا۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی مؤثر کارروائیاں جرائم پیشہ عناصر کے لیے واضح پیغام ہیں اور اس سے شہر میں امن و امان کی فضا مزید مستحکم ہو گی۔
پولیس حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
![]()