پشاور (2 مارچ 2026ء)
الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت بنوقابل پروگرام کا جدید آئی ٹی سنٹر، ’’سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کیمپس‘‘، مرکز اسلامی سردارگڑھی جی ٹی روڈ پشاور میں باقاعدہ طور پر افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن اور جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع نے فیتہ کاٹ کر کیمپس کا آغاز کیا۔
تقریب میں سابق سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان، صوبائی صدر الخدمت فاؤنڈیشن خالد وقاص، امیر جماعت اسلامی پشاور بحراللہ خان ایڈوکیٹ، ڈائریکٹر بنوقابل پروگرام ایئر کموڈور (ر) محمد امین، صدر الخدمت پشاور افتخار احمد، سابق صوبائی صدر ڈاکٹر محمد اقبال خلیل اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنوقابل پروگرام صرف آئی ٹی کورسز تک محدود نہیں بلکہ نوجوانوں کو خود کفیل بنانے کی ایک عملی کاوش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید مہارتوں کے ذریعے نوجوان نہ صرف باعزت روزگار حاصل کر سکتے ہیں بلکہ ملکی معیشت میں بھی مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔
عبدالواسع نے کہا کہ موجودہ دور میں علم اور ٹیکنالوجی ہی اصل طاقت ہیں، اور یہ پروگرام نوجوانوں کو اسی طاقت سے ہم آہنگ کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کیمپس پشاور کے نوجوانوں کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔
صوبائی صدر الخدمت خالد وقاص کے مطابق صوبہ بھر میں 85 کیمپسز کے ذریعے اب تک 10 ہزار سے زائد نوجوانوں کو مفت آئی ٹی تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان فری لانسنگ، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور دیگر ڈیجیٹل شعبوں میں اپنا مستقبل بنا سکیں۔
یہ سنٹر جدید سہولیات سے آراستہ ہے جہاں نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق عملی تربیت فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ آن لائن روزگار کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے