لکی مروت میں فتنہ الخوارج کی جانب سے کواڈ کاپٹر کے ذریعے کیے گئے حملے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، تاہم پولیس کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کا ڈرون مار گرایا گیا۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرتے ہوئے خلیفہ گل نواز (KGN) ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں بہترین علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واقعے کے فوراً بعد ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان کی ہدایات پر تختی خیل پولیس، امن کمیٹی اور بنوں پولیس کی بھاری نفری بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران پولیس نے جدید حکمت عملی اپناتے ہوئے دہشت گردوں کا ایک کواڈ کاپٹر (ڈرون) مار گرایا۔ پولیس کی جانب سے جدید ڈرون فضا میں بلند ہوتے ہی دہشت گردوں کے ڈرون پسپا ہو گئے جبکہ اینٹی ڈرون سسٹم اس کارروائی میں نہایت مؤثر ثابت ہوا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔
ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان خود کے جی این ہسپتال پہنچے، زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور ڈاکٹروں کو ہدایت جاری کی کہ انہیں ہر ممکن بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس فورس کے حوصلے بلند ہیں اور ایسے بزدلانہ حملے امن کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ علاقے میں امن کی مکمل بحالی تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے