

صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کا دورہ ڈگر ہسپتال
خیبرپختونخوا کے وزیرِ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے گزشتہ روز بونیر میں ڈگر ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا، مریضوں سے ملاقات کی اور ان کے علاج و معالجے کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔صوبائی وزیر نے ہسپتال کے نئے زیر تعمیر حصے کا بھی جائزہ لیا اور ترقیاتی منصوبے کا تفصیلی معائنہ کیا۔
سید فخرجہان نے دورے کے دوران ہسپتال ذمہ داروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری صحت سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ خیبرپختونخوا عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے اصلاحات کیساتھ عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
سید فخر جہان نے کہا کہ حکومت کا خاص فوکس عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی بنیادی سہولیات بہم پہنچانا ہے تاکہ کسی کو علاج کے لیے دربدر نہ ہونا پڑے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہسپتالوں میں خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ’صحت سہولت پروگرام‘ (ہیلتھ کارڈ پلس) کے ذریعے صوبے کے تمام شہریوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جو صحت عامہ کے میدان میں ایک انقلابی قدم ہے جسے عالمی سطح پر سراہا گیا یے۔اس پروگرام کے تحت شہریوں کو سرکاری اور نجی اسپتالوں میں علاج، آپریشنز اور دیگر طبی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزیرِ ایکسائز نے مزید کہا کہ حکومتِ خیبرپختونخوا صحت کے نظام میں شفافیت، بہتری اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے پرعزم ہے اور تمام ہسپتالوں میں سہولیات کے معیار کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
![]()