

اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی) نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن کے زیرِ اہتمام نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوک اینڈ ٹریڈیشنل ہیریٹیج (لوک ورثہ) میں لوک میلہ 2025 اپنی 50ویں گولڈن جوبلی کے موقع پر بھرپور جوش و جذبے سے جاری ہے۔ یہ 10 روزہ ثقافتی میلہ 7 نومبر سے شروع ہوا اور 16 نومبر 2025 تک جاری رہے گا۔ امسال میلے کا موضوع "یکجہتی کے رنگ، لوک ورثہ کے سنگ” رکھا گیا ہے، جس کا مقصد قومی یکجہتی اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
میلے میں پاکستان کے تمام صوبوں خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر — کی نمائندگی کے لیے خصوصی ثقافتی پویلینز، ہنرمندی کے اسٹالز، لوک موسیقی، روایتی رقص اور دستکاریوں کی لائیو ڈیمونسٹریشنز نے میلے کو رنگوں اور ثقافتوں کا گلدستہ بنا دیا ہے۔


میلے کے تیسرے روز بھی ہزاروں افراد نے لوک ورثہ کا رخ کیا اور ملک بھر کی ثقافت، روایتی کھانوں، دستکاریوں اور لوک موسیقی سے لطف اندوز ہوئے۔ دن بھر کی سرگرمیوں کے بعد شام کا اختتام شاندار پنجاب کلچرل نائٹ کے ساتھ ہوا، جس نے شرکاء کو جھومنے پر مجبور کردیا۔
لوک ورثہ اوپن ایئر تھیٹر میں منعقدہ پنجاب کلچرل نائٹ میں پنجاب کے معروف لوک گلوکاروں اور فنکاروں نے اپنی دلکش آوازوں، روایتی رقص اور سازوں کی دھنوں سے سماں باندھ دیا۔ ڈھول، چمٹا، بانسری، تمبی اور دیگر سازوں کی دھنوں نے محفل کو ایک منفرد رنگ بخشا۔ حاضرین کی جانب سے بجنے والی تالیاں اور داد نے پنجاب کی ثقافتی حرارت کو مزید جِلا بخشی۔
دن کے اوقات میں وزیٹرز نے دستکاریوں کے اسٹالز، بچوں کے پروگرام، اوپن مائیک سرگرمیوں اور تمام صوبوں کے پویلینز کا دورہ کیا۔ پنجاب پویلین آج خصوصی توجہ کا مرکز رہا، جہاں خطے کی روایتی دستکاری، کپڑے، خطاطی، ادبی ورثہ اور لائیو ڈیمونسٹریشنز نے شرکاء کو پنجاب کی ثقافت سے قریب تر کردیا۔


اسی طرح خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے بھی خیبرپختونخوا پویلین کے ذریعے صوبے کی ثقافت، ہنرمندی اور سیاحت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ پویلین میں 30 سے زائد اسٹالز قائم کیے گئے ہیں جن میں موزیک آرٹ، سلام پور شال، چارسدہ چپل، چترالی اشیاء، مٹی کے برتن، جناح کیپ، اور خصوصی افراد و قیدیوں کے ہاتھوں سے بنی مصنوعات شامل ہیں۔ پختون ثقافت کے روایتی حجرہ، قصہ خوانی بازار کے ماڈل، قہوہ خانہ اور رباب موسیقی نے پویلین کو دیکھنے والوں کے لیے یادگار تجربہ بنا دیا ہے۔
لوک میلہ 2025 اپنی رنگا رنگ سرگرمیوں، ثقافتی شوز اور روزانہ کی تھیم نائٹس کے ساتھ 16 نومبر تک جاری رہے گا۔ میلہ روزانہ صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک عوام کے لیے کھلا رہے گا، جہاں ہر روز ایک نئی ثقافت اپنی خوبصورتی کے رنگ بکھیرے گی۔
![]()