
امجد ہادی یوسفزئی
آل فنکار ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے ایک وفد نے نشتر ہال پشاور میں خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی ڈپٹی ڈائریکٹر حسینہ شوکت سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات خوشگوار اور مثبت ماحول میں ہوئی جس میں فنکاروں کی فلاح و بہبود اور ثقافتی ترقی سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفد میں سرپرستِ اعلیٰ بلال خان عرف بے بو، صوبائی صدر سعیدہ خان، جنرل سیکرٹری خوشحال حیدر، آل فنکار ایسوسی ایشن خواتین ونگ کی ضلعی صدر پشاور ریما خان، فنانس سیکرٹری مجنون سرحدی، جوائنٹ سیکرٹری اکبر علی، آفس سیکرٹری اسماعیل شاہد سمیت دیگر عہدیداران شامل تھے۔
ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ فنکاروں کے رجسٹریشن فارم میں ترمیم پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جس کے بعد ترمیم شدہ اور نیا رجسٹریشن فارم باقاعدہ طور پر جاری کر دیا گیا ہے۔
نئے رجسٹریشن نظام کے تحت ہر شعبۂ فن سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کا جامع ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔ رجسٹریشن میں طلبہ فنکار، رباب نواز، گلوکار، ڈرامہ آرٹسٹ، ڈھولچی، موسیقار، کیمرہ مین، پروڈیوسر، ہدایتکار، شاعر، ادیب، نیوز کاسٹر، ساؤنڈ ٹیکنیشن اور دیگر فنون سے وابستہ افراد شامل ہوں گے۔ تمام فنکاروں کی رجسٹریشن نشتر ہال میں کی جائے گی۔
اس اقدام سے صوبے بھر کے فنکاروں کا ایک منظم اور مکمل ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا، جبکہ رجسٹرڈ فنکاروں کو نشتر ہال میں منعقد ہونے والے مختلف پروگرامز اور تقریبات میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔
ملاقات کے اختتام پر ڈپٹی ڈائریکٹر حسینہ شوکت نے آل فنکار ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فنکار صوبے کا قیمتی اثاثہ ہیں، اور خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی ان کی فلاح، ترقی اور سرپرستی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
![]()