وہ شخص کالعدم تنظیموں کو فنڈنگ میں ملوث اور حکومت کو مطلوب ہے،بانی استحکام پاکستان تحریک محمد واصل
پشاور(مدثرزیب سے) استحکام پاکستان تحریک کے بانی محمد واصل نے درہ آدم خیل سے تعلق رکھنے والے قوم اخوروال کے معززین کے ہمراہ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ استحکام پاکستان تحریک کا کوئی سیاسی مقصد نہیں، اس تحریک کے مقاصد میں وطن عزیز پاکستان کوپُرامن بنانا، ملک کوکرپشن سے پاک کرنا، ظالم کو راہ راست پر لانا، مظلوم کی مدد کرنا اور ریاستی اداروں کے درمیان خوشگوار فضاء قائم کرنا ہے۔پریس کانفرنس میں وادی تیراہ درہ آدم خیل کے دیگر معززین حاجی رمین، حاجی غندل شاہ، حاجی بابر، رب نواز،حاجی قلندر خان،جان صابراور حاجی نسیم خان وغیرہ بھی موجود تھے۔ محمد واصل نے بتایا کہ درہ آدم خیل قدرتی معدنیات سے مالا مال ہے، لیکن کچھ عناصر اس معدنی دولت پر بزور بازو قبضہ جمانا چاہتے ہیں، اس جگہ پر دوستان کول کمپنی بھی کام کررہی ہے جس پر مبینہ طورپر محمد یوسف نامی شخص نے قبضہ جما رکھا ہے، پریس کانفرنس سے خطاب میں محمد واصل نے بتایا کہ موصوف دوستان کول کمپنی میں شراکت دار لیکن اس شخص نے کمپنی سے فراڈ کے ذریعے اربوں روپے ہتھیائے بعدازاں کمپنی پر قبضہ جما لیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ شخص کالعدم تنظیموں کو فنڈنگ میں ملوث اور حکومت کو مطلوب ہے جس کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج ہیں، لیکن اس کو حکومت کی بے بسی کہا جائے یا متذکرہ شخصیت کا زور کہ دوستان کول کمپنی سے اربوں کا گھپلا کرنے اور اپنی فورس کے ذریعے علاقے کی پہاڑیوں پر قبضہ جمائے بیٹھا ہے۔انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس شخص کو 2023ء میں اداروں نے حراست میں لیا بعدازاں اسے رہا کر دیا گیا، رہائی کے بعد اس نے دعویٰ کیا کہ اس کی حراست میں اس کے شراکت دار ملوث ہیں اوراس کی رہائی کے سلسلے میں کمپنی کو 52 کروڑ سے زیادہ کا نقصان اٹھانا پڑا۔انہوں نے کہا کہ حساس اداروں کو کمپنی کے اکاؤنٹس کی چھان بین بھی کرنا چاہئے تھی جس سے ادائیگیوں اورنقصانات کا پورا حساب کتاب سامنے آتا لیکن رشوت لے کر اسکے لئے رہائی کا راستہ ہموار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب بھی کوئی شراکت دار یا ادارہ دوستان کول کمپنی کے اکاؤنٹس تک پہنچنے کی کوشش کرتا ہے تو اس شخص کا نیٹ ورک حرکت میں آتا ہے اس کے نیٹ ورک میں 30 سے زائد نقاب پوش موجود ہیں جو کہ پہاڑیوں میں مورچہ زن ہیں۔ انہوں نے صوبائی و وفاقی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نقاب پوش جتھوں کے ساتھ دوستان کول کمپنی اور پہاڑیوں پر قبضہ جمانے والے کوگرفتار کر کے قرارواقعی سزا دی جائے اور دوستان کول کمپنی کے مالکان کو ان کا حق واپس دلایا جائے۔قوم اخوروال کے معززین نے پریس کانفرنس کے بعد پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا اور کالعدم تنظیموں کوفنڈنگ فراہم کرنے والے خلاف تادیبی کارروائی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
![]()