70فیصد سٹاف کی کمی کے باوجود پیسکو کو 20ارب روپے کا فائدہ پہنچاکر تاریخ رقم کی ہے،حاجی اقبال
پشاور (مدثر زیب سے)آل پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین خیبر پختونخوا کے چیئرمین حاجی محمد اقبال، سیکرٹری نورالامین حیدرزئی، وائس چیئرمین یاسرکامران،ڈپٹی چیئرمین شفیع اللہ،مرکزی چیئرمین گوہرتاج اور سیکرٹری اطلاعات ونشریات گوہرعلی گوہر کی قیادت میں سینکڑوں محنت کشوں نے ڈسکوز کی نجکاری،پیسکو میں بجلی کے بڑھتے ہوئے جان لیوا حادت، بھرتی میں غیر معمولی تاخیر،سکالر شپ،میرج گرانٹ اور بونس میں غیر منصفانہ کٹوتی کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین سے صوبائی چیئرمین حاجی محمد اقبال، سیکرٹری نورلامین حیدرزئی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے واضح کیاکہ پیسکو میں 70فیصد سٹاف کی کمی کے باوجود بھی 30فیصد سٹاف نے دن رات محنت کرکے گزشتہ سال کی نسبت امسال پیسکو کو 20ارب روپے کا فائدہ پہنچاکر تاریخ رقم کی ہے جسکی تعریف وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر توانائی پاور ڈویژن اویس لغاری اور چیف ایگزیکٹیو پیسکو اختر حمید بذریعہ خطوط کرچکے ہیں لیکن اسکے باوجود بھی فل بونس کے حقدار محنت کشوں کو پیسکو بی او ڈی نے ہاف بونس کی منظوری دیکر انکی حق تلفی کی ہے۔ محنت کشوں کو انکے جائز حقوق سے محروم کرکے دانستہ طور انہیں احتجاج کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔انہوں نے حکومت اور انتظامیہ کو خبردار کیا کہ واپڈا کی نجکاری کا فیصلہ واپس لیکرخیبر پختونخوا کے تینوں بجلی کے تقسیم کار کمپنیوں میں بھرتی کیا جائے بصورت دیگر مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں 24 ستمبر کو صوبہ گیر احتجاج کرکے مین دھرنا واپڈا ہاؤس شامی روڈ پشاور میں دیا جائے گاجس کی تمام تر ذمہ متعلقہ ذمہ داران پر عائد ہوگی۔جبکہ17 ستمبر 2025 کو یونین کے مرکزی قائدین کی کال پر واپڈا کے نجکاری کے خلاف ڈی چوک اسلام اباد دھرنا میں بھرپور شرکت کرینگے۔



![]()