

پشاور(خلیل الرحمان) ورسک ماڈل سکول میں سالانہ تقریب (اینول ڈے) نہایت جوش و خروش اور شاندار انداز میں منائی گئی، جس میں طلبہ، اساتذہ، والدین کے علاوہ ورسک ماڈل سکول اینڈ کالج کے سابقہ طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد طلبہ کی تعلیمی و تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
تقریب میں شرکت کرنے والے سابقہ ورسکین میں ڈاکٹر ماہم، ڈاکٹر ماریہ احسان، صدف زیب ایڈووکیٹ، ڈاکٹر نگہت، رکن صوبائی اسمبلی ایمن جلیل، ڈاکٹر صدف حسین، ڈپٹی کنٹرولر جناح میڈیکل کالج مس ساجدہ، انجینیئر مس الاشبا اور لیکچرار مس ماہ نور ضیا شامل تھیں، جنہوں نے سکول کے تعلیمی معیار اور تربیتی نظام کو سراہا۔


پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ بعد ازاں طلبہ و طالبات نے مختلف ثقافتی پروگرام، تقاریر، ٹیبلوز اور ملی نغمے پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بھرپور داد دی۔ بچوں کی پراعتماد اور منظم پرفارمنس نے اساتذہ کی انتھک محنت اور بہترین تربیت کو نمایاں کیا۔
تقریب کے دوران طلبہ نے کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پراثر تقاریر اور علامتی ٹیبلوز پیش کیے، جنہوں نے حاضرین کے دلوں کو چھو لیا اور قومی و اسلامی شعور کا بھرپور اظہار کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی انجینیئر فضل حسین نے اپنے خطاب میں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان میں اعتماد پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کی محنت، طلبہ کی کارکردگی اور سکول انتظامیہ کی بہترین منصوبہ بندی کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔


سکول کے پرنسپل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ورسک ماڈل سکول نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی نمایاں مقام رکھتا ہے اور ادارہ طلبہ کی ہمہ جہت تربیت پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ آخر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔
تقریب کے اختتام پر ملکی ترقی، امن اور طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے دعا کی گئی، جس کے ساتھ یہ یادگار تقریب اختتام پذیر ہوئی۔
![]()