(امجد ہادی یوسفزئی)


آل فنکار ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا میں خواتین فنکاروں کے مسائل کے مؤثر حل اور نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے باضابطہ طور پر خواتین ونگ قائم کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں ایک تقریب آل فنکار ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کی صوبائی صدر سعیدہ خان کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی۔

تقریب میں سرپرستِ اعلیٰ بلال خان عرف بے بو، نائب صدر فضل خالق، جنرل سیکرٹری خوشحال حیدر، پریس سیکرٹری شکیل احمد، فنانس سیکرٹری مجنون سرحدی، اکبر علی، ضلع چارسدہ کے صدر کامران اور جنرل سیکرٹری رحمان، نوشہرہ کے صدر جلیل شبنم سمیت نادرا علی، کرن علی، ریما خان، ابراہیم سادہ گل، گل باچا، علی، ملنگی مولا جٹ اور دیگر فنکاروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر خواتین ونگ کے لیے نادرہ علی کو صدر، ریما خان کو نائب صدر جبکہ کرن علی کو جنرل سیکرٹری نامزد کیا گیا۔ تمام عہدیداران اور شرکاء نے نو منتخب خواتین عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر آل فنکار ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا سعیدہ خان نے کہا کہ خواتین ونگ کے قیام سے خواتین فنکاروں کے مسائل بہتر انداز میں حل ہوں گے، کیونکہ خواتین کے مسائل کو خواتین ہی بہتر طور پر سمجھ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین فنکار اپنے مسائل بلا جھجک خواتین کابینہ کے سامنے رکھ سکیں گی۔

سعیدہ خان نے مزید کہا کہ آل فنکار ایسوسی ایشن کی اولین ترجیح ہر فنکار، خواہ وہ مرد ہو یا خاتون، کی خدمت ہے اور تمام مسائل کو باہمی مشاورت اور اتحاد کے ساتھ حل کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تنظیم فنکاروں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار پوری ذمہ داری سے ادا کرتی رہے گی۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے