

معاون خصوصی برائے اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے سینٹ جوزف کنوینٹ اسکول اینڈ کالج کوہاٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان، سیاست بعد میں—عوام اور ملک کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کے لیے ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے اور ان شعبوں میں ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات جاری ہیں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
شفیع جان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے چھٹی جماعت سے بارہویں جماعت تک کی طالبات کے لیے وظائف کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ یتیم بچے اور بچیاں جنہوں نے ایم ڈی کیٹ پاس کرکے میڈیکل کالجز میں داخلہ حاصل کیا، ان کے تمام تعلیمی اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی، جو ایک تاریخی اور فلاحی قدم ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ صوبے کے اسکولوں اور اسپتالوں کو ترجیحی بنیادوں پر سولر انرجی پر منتقل کیا جا رہا ہے، جس سے لوڈشیڈنگ کی مشکلات سے نجات ملے گی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی مزید بہتر ہوگی۔ اس موقع پر انہوں نے سینٹ جوزف کنوینٹ اسکول اینڈ کالج کوہاٹ میں سولر سسٹم کی تنصیب کا بھی اعلان کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ صوبے سمیت خصوصاً کوہاٹ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے متعدد اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے جس اعتماد کے ساتھ عمران خان کی قیادت اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔ پی ٹی آئی کی کامیابی میں ماؤں اور بہنوں کا کردار انتہائی اہم اور نمایاں رہا ہے۔
آخر میں شفیع جان نے سینٹ جوزف کنوینٹ اسکول اینڈ کالج کے تعلیمی معیار اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ خطے میں بہترین تعلیم فراہم کر کے قوم کے مستقبل کی مضبوط بنیاد رکھ رہا ہے۔
![]()